راولپنڈی چیمبر نے گیس قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا

جمعہ 4 جولائی 2014 17:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 4جولائی 2014ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرڈاکٹر شمائل داؤد آرائیں نے اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کویکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک پہلے ہی معاشی و اقتصادی تنزلی کا شکار ہے حالیہ فیصلے سے ملک میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی ،صنعتیں بند،بیروزگاری بڑھے گی جبکہ مہنگائی میں بھی اضافہ ہو گا حکومت ملک کے وسیع تر مفاد اور اقتصادی ترقی کے لئے اوگرا کی سمری کو رد کر دے تا کہ پریشانیوں کے شکا ر عوام کو مزید تنگ نہ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر میں تاجروں و صنعتکاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سینئر نائب صدر ملک شاہد سلیم ، نائب صدر محمد عالم چغتائی، اراکین مجلسِ عاملہ اور ممبران چیمبر بھی موجو دتھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شمائل داؤد نے کہا کہ گیس ملک میں پہلے ہی ناپید ہے ، گھریلو صارفین اور صنعتیں گیس لوڈ شیڈنگ یا کم پریشر کے باعث مشکلات کا شکار ہیں اور چند دن قبل حکومت گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس لاگو کر چکی ہے جس سے فرٹیلائزر سیکٹر جس کا سو فیصد انحصار گیس پر ہی ہوتا ہے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور زرعی شعبہ بری طرح متاثر ہو گا کیونکہ کاشتکار وں کی پیداواری لاگت بڑھنے سے زرعی اجناس بھی مہنگی ہوں گی جس کا براہ راست منفی اثر عوام پرپڑے گا ،راولپنڈی چیمبر حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ بہترین ملکی مفاد میں اس سمری کو منظور نہ کیا جائے۔

صدر چیمبرنے کہا کہ سوئی نادرن گیس کمپنی کے صارفین کے لئے 58روپے29پیسے جبکہ سوئی سدرن صارفین کے لئے 22روپے 90پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کے اضافے کی منظوری دی ہے ، جی آئی ڈی سیس سے سی این جی سیکٹر اور صنعتوں کے لئے گیس مہنگی کی گئی اور اب گھریلو صارفین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ،رمضان المبارک میں جہاں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں گیس کی قیمتوں میں اضافہ بم سے کم نہیں ۔ راولپنڈی چیمبر حکومت کے اس ممکنہ اقدام کی پر زور مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ کاروبار اور عوامی مفاد کے خلاف فیصلوں کا اعلان نہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :