غریب اور نادار پاکستانی بچوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے جہاز پر پوری دنیا کا چکر لگانے والا 17سالہ طالب علم والد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گیا

ہفتہ 5 جولائی 2014 14:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5جولائی 2014ء) غریب اور نادار پاکستانی بچوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے جہاز پر پوری دنیا کا چکر لگانے والا 17سالہ پاکستانی طالب علم اپنے والد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گیا۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے غریب اور نادار بچوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے کام کرنے والے فلاحی ادارے دی سٹیزن فاؤنڈیشن کے لئے چندہ اکٹھا کرنے کے لئے پوری دنیا کا چکر لگانے والے 17سالہ طالب علم حارث سلیمان اپنے والد کے ہمراہ لاہور پہنچا تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

حارث سلیمان کے والد بابر سلیمان کا کہنا تھا کہ دی سٹیزن فاؤنڈیشن کے تحت پاکستان میں 1000اسکول غریب اور مستحق بچوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے مستقبل کے معماروں میں تعلیم کے فروغ کیلئے دنیا بھر سے 10لاکھ ڈالر جمع کرنے کے لئے چندہ مہم کا آغاز کیا، ہمارا 40فیصد مشن مکمل ہو چکا ہے جس میں 6لاکھ ڈالر جمع کئے جا چکے ہیں، 4لاکھ ڈالر جمع کرنا باقی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکہ کی ریاست انڈیانا سے اپنے مشن کا آغاز کیا اور اب لاہور سے سری لنکا اور دیگر ممالک سے ہوتے ہوئے واپس امریکہ پہنچیں گے اور تعلیم کے لئے اپنے مشن کو پورا کریں گے۔واضح رہے کہ 17سالہ حارث سلیمان کا شمار دنیا کے گرد جہاز پر چکر لگانے والے سب سے کم عمر ترین پائلٹس میں کیا جارہا ہے جب کہ ان کے والد بابر سلیمان خود بھی پائلٹ ہیں۔