سحر وافطار کے موقع پر کراچی میں پانی، بجلی وگیس کی عدم دستیابی حکومتی نااہلی ہے ،جماعت اسلامی

ہفتہ 5 جولائی 2014 17:37

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5جولائی 2014ء) جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے رمضان المبارک کے مہینے میں حکومتی تمام تر دعووں کے باوجود سحر وافطار کے موقع پر شہر کراچی میں پانی، بجلی وگیس کی عدم دستیابی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی نااہلی اورعذاب الہی کو دعوت دینے کے مترادف قراردیا ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ رمضان سے قبل نہ صرف عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے بلکہ سحر وافطار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے بلند بانگ دعوے کئے گئے مگر رمضان کے پہلے ہفتے میں ہی حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

مہنگائی کے طوفان خاص طور پر روز مرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ سے لگتا ہے کہ حکمرانوں نے عوام کو منافعہ خوروں کے رحم وکرم پر چھوڑدیا ہے۔

(جاری ہے)

ستم بالائے ستم تو یہ ہے کہ رمضان المبارک کے مہینہ میں اور بین الاقوامی سٹی کراچی کے شہری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شکار، پانی اورگیس سے محروم ہیں یہ ملک کے بڑے شہر میں صورتحال ہے تو پھر ملک کے دیگر شہروں میں کیا حال ہوگا۔

کمشنر کراچی کا یہ بیان کہ”تبلیغی جماعت کے لوگ مسجدوں میں بیٹھنے کے بجائے تاجروں ودکانداروں کو خوف خدا یاد دلاکر ذخیرہ اندوزی ومنافعہ خوری سے روکیں“ان کی بے حسی وبے بسی کی عملی تصویر ہے،ان کو اپنا کام کرنا چاہئے۔حکمرانوں نے رویہ نہ بدلا تو انکو روزے داروں کی آہ وبکا لے ڈوبے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک کے موقع پر عوام کی بددعائیں لینے کے بجائے پانی وگیس کی فراہم یقینی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے ۔جو حکومت شہریوں کو زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم نہیں کرسکتی انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔