نئے مالی سال کے آغاز پر پاکستان اسٹیل کے کارخانوں سے پیداوار کامیابی کی نوید ہے، غلام مرتضیٰ جتوئی،قومی ادارے کیلئے مالیاتی پیکیج کا اعلان کیا تاکہ یہ ادارہ ملکی معاشی اور صنعتی ترقی میں ازسر نو اپنا مثبت کردار ادا کرے،اخراجات میں میانہ روی کی پالیسی اورغیر ضروری اخراجات پر قابو پانے کی حکمت عملی سراہنے کے قابل ہے،وفاقی وزیرصنعت وپیداوار،خام مال کی مسلسل فراہمی سے پیداوار میں اضافہ اور خستہ حال پیداواری یونٹس کی مرمت و دیکھ بھال کے اہم کاموں کا آغاز کردیا، میجر جنرل ظہیر احمد خان

منگل 15 جولائی 2014 21:31

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15جولائی 2014ء) نئے مالی سال کے آغاز پر پاکستان اسٹیل کے کارخانوں سے پیداوار کا آغاز کامیابی کی نوید ہے۔ اس کامیابی پر پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ اور ملازمین قابلِ مبارکباد ہیں۔پاکستان اسٹیل کو خام مال کی کمی کی وجہ سے جن مشکلات کا سامنا تھا موجودہ حکومت نے ادارے کی بحالی اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے بروقت اور درست فیصلے کئے اور قومی ادارے کے لئے 18 ارب 50 کروڑ روپے کے مالیاتی پیکیج کا اعلان کیا تاکہ یہ ادارہ ملکی معاشی اور صنعتی ترقی کیلئے ازسر نو اپنا مثبت کردار ادا کرے-اس سلسلے میں انتظامیہ پاکستان اسٹیل کی کوششیں اور کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے اخراجات میں میانہ روی کی پالیسی اختیار کرنے اورغیر ضروری اخراجات پر قابو پانے کی حکمت عملی بھی سراہنے کے قابل ہے“۔

(جاری ہے)

اِن خیالات کا اظہار وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے آج پاکستان اسٹیل کے دورے کی موقع پر کیا ۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹیل ملکی انجینئرنگ کی صنعتوں کے لئے میرِ کارواں کی حیثیت رکھتا ہے۔

ہم اس قومی اور صنعتی ادارے کی ساکھ کو ازسرنو قائم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں ، کیونکہ اس سے ہزاروں پاکستانیوں کے خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ قبل ازیں،وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی کی آمد پر پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ریٹائر ڈ) ظہیر احمد خان نے اِن کا استقبال کیا ۔بعد ازاں، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کو پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ظہیر احمد خان نے ادارے کی حالیہ کارکردگی پر بریفنگ دی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وفاقی وزیر کی پاکستان اسٹیل آمد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی ادارے کی بہتری اور ترقی کے لئے ذاتی دلچسپی لینا ہمارے لئے باعث اطمینان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان اسٹیل کو خام مال کی مسلسل فراہمی اور دیگر اخراجات کی مد میں منظور شدہ مالیاتی پیکیج کی بقیہ اقساط کی بروقت ادائیگی کی بدولت پاکستان اسٹیل ، حکومت کے دیئے گئے اہداف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے گا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان اسٹیل نے مزید کہاکہ حکومتی سرپرستی میں اسٹیل مل کو مستقل بنیادوں پر منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ادارے کی پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جائے ۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں پیداواری استعداد کو 15 لاکھ میٹرک ٹن سالانہ اور دوسرے مرحلے میں 30 لاکھ میٹرک ٹن سالانہ پیداواری استعداد حاصل کرنا شامل ہے ۔اس موقع پر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کو بتایا کہ گذشتہ کئی برسوں سے خستہ حال پیداواری یونٹس کی اہم اور ضروری مرمت و دیکھ بھال کے رُکے ہوئے کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے جس کی بروقت تکمیل سے ادارے کی پیداواریت میں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔

اس موقع پر انہوں نے وفاقی وزیر پیداوار کو مزید بتایا کہ اسٹیل مل میں افسران کی تیزی سے ریٹائرمنٹ کے پیش نظر ضرورت کے مطابق پروفیشنل افرادی قوت کی بھرتیوں کی اشد ضرورت ہے۔ اعلیٰ سطح کے انتظامی، پیداواری ، مالیاتی اور تجارتی اُمور کے ماہرین، تجربہ کار و باصلاحیت پروفیشنل کی تقرریوں کے لئے حکومتی منظوری کے لئے کیس بھیج دیا گیا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضی جتوئی سے سی بی اے کے چیئرمین شمشاد قریشی نے بھی ملاقات کی اور سی بی اے کے چیئرمین نے وفاقی وزیر کو محنت کشوں اور ادارے کے مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔ چیئرمین (سی بی اے ) نے پیداواری اہداف کے حصول کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت ، ادارے اورملازمین کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کررہی ہے اور پاکستان اسٹیل جلد اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔

بریفنگ کے بعد وفاقی صنعت و پیداوار غلام مرتضی جتوئی نے پاکستان اسٹیل کے مختلف کارخانوں کا دورہ کیا۔ طویل عرصے کے بعد کوک اوون بیٹریز کے پیداواری عمل کو دیکھ کر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اور ادارے کے ملازمین کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرنے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان ، ادارے کے سینئر افسران اور پیداواری یونٹس کے سربراہان کے علاوہ ملازمین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے مالیاتی پیکیج کی بقیہ اقساط کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ پاکستان اسٹیل کو مسلسل خام مال کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے اور پاکستان اسٹیل کے ملازمین ادارے سے مقررہ پیداواری اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوں۔

متعلقہ عنوان :