جلو پارک میں پاکستان کا پہلا بٹرفلائی ہاؤس بنایا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ، بوٹینیکل گارڈن میں سہولتوں میں اضافے کیلئے منصوبے کی منظوری

ہفتہ 19 جولائی 2014 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آزادی چوک فلائی اوور کے منصوبے کی تکمیل کے بعد گریٹر اقبال پارک کے منصوبے اور جلو میں بٹرفلائی ہاؤس کے قیام کے پراجیکٹ کی منظوری دے دی ہے- وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں کی منظوری آج یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس کے دوران ڈی جی پی ایچ اے نے گریٹر اقبال پارک کے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی چوک فلائی اوور کے منصوبے کی تکمیل کے بعد گریٹر اقبال پارک کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے- گریٹر اقبال پارک کا منصوبہ لاہور کی ثقافت اور تاریخی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا-گریٹر اقبال پارک کا منصوبہ انفرادیت کا اعلی شاہکار ہوگا- مینار پاکستان، بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ اور دیگر تاریخی مقامات کو ان کی اصل اور تاریخی حیثیت میں بحال کیا جائے گا- انہوں نے ہدایت کی کہ گریٹر اقبال پارک کے منصوبے میں مغلیہ فن تعمیر کے نمایاں خدوخال اجاگر کئے جائیں اورپورے منصوبے کی جدید اور قدیم انداز سے لینڈ اسکیپنگ کی جائے اور اس ضمن میں انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک کے منصوبے کے تحت ایک جھیل بھی بنے گی، جھیل کے اندر جزیرہ بھی ہوگا جبکہ منصوبے کے تحت برڈ آئیوری بھی بنائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گریٹر اقبال پارک کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے رنگ تبدیل کرنے والے درخت لگائے جائیں اور منصوبے کو شفاف طریقے سے تیز رفتاری کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ شہریوں کو تاریخی مقامات کی سیر کے دوران بین الاقوامی معیار کی سیاحتی سہولتیں میسر آ سکیں۔

انہو ں نے کہا کہ جلو پارک میں پاکستان کا پہلا بٹرفلائی ہاؤس بنایا جا رہا ہے- وزیراعلی نے جلو پارک میں بوٹینیکل گارڈن میں بہترین سہولتوں میں اضافے کیلئے بھی مجوزہ پروگرام کی منظوری دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، ارکان صوبائی اسمبلی محسن لطیف، رمضان صدیق بھٹی، وائس چیئرمین ایل ڈی اے خواجہ احمد حسان، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈی جی سپورٹس نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :