14اگست کویوم آزاد ی ملی و قومی جوش و جذبے سے منائیں گے،کمشنر کوئٹہ

پیر 21 جولائی 2014 20:31

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جولائی۔2014ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن کمبر دشتی کے زیر صدارت صوبائی دارلحکومت میں 14آگست یوم آزاد ی ملی و قومی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منانے اور اس مناسبت سے مختلف تقریبات کے انعقادکے سلسلے میں اعلیٰ سطحی جلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں سی سی پی اؤ کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد قاسم مینگل ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عبدالطیف کاکڑ ،سیکرٹری سی اینڈڈبلیو الیاس لاشاری ،ڈائریکٹر جنرل ثقافت عبداللہ جان بلوچ، ڈائریکٹر اسپورٹس نذر بلوچ،ڈائریکٹر سول ڈیفنس اور ڈائریکٹر یوتھ افیئر کے علاوہ چیف مٹیروپولیٹن کارپویشن یعقوب زہری اور پاک فوج ، ایف سی ، ٹریفک پولیس ،محکمہ تعلیم ،صحت ،وومن ڈویلپمنٹ،پاکستان سپورٹس بورڈ،کیسکو اور دیگر متعلقہ محکموں کے آفیسران اور نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ ہرسال کی طرح اس سال بھی 14آگست یوم آزادی کو قومی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں مختلف صوبائی محکموں کی جانب سے یوم آزادی کی مناسبت سے تقریبات منعقدہ کئے جائیں گے۔ جن میں تحریک آزادی کے قومی ہیروز کو سلام پیش کرنے کے علاوہ صوبے کی ثقافت اورر سم و رواج کو اجاگر کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ یوم آزادی کے تقریبات کا آغاز 8اگست سے ہونگے جو 14اگست کے دن تک جاری رہیں گے ان تقریبات میں سپورٹس جن میں مرد وں اور عورتوں کے کرکٹ ، فٹ بال اور ہاکی کے مقابلے ہونگے جبکہ محکمہ تعلیم کی جانب سے بوائے اسکاؤٹس ہیڈکوارٹر میں طلباء کے درمیان تقریری ، مضمون نویسی اور دیگر مقابلوں کا انعقاد کروایا جائے گا اس کے علاوہ اسکولوں میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے تقریبات منعقد ہون گی ۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے شہر میں مختلف عمارتوں پر چراغاں اور مختلف شاہراہوں پر اس حوالے سے بینرز بھی نصب کئے جائیں گے جبکہ اس دوران شہر کی صفائی کے لئے ہنگامی پلان پر فوری اقدامات کئے جائیں گے۔خواتین کے دلچسپی کے لئے پھولوں کی نمائش کے علاوہ وومن ڈیولپمنٹ کی جانب سے سیمینار اور تحریک آزادی میں خواتین کے کردار پر تقریری مقابلے کا انعقاد بھی ہوگا۔

یوم آزادی کے حوالے سے تمام ہیڈ کوارٹر ز پر پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی ۔جبکہ ایوب اسٹیڈیم میں مرکزی تقریب 12اگست کو ہو گی جس میں ثقافتی ڈانس،فلائنگ پاسٹ کے عملی مظاہرے،پیرا شوٹنگ پاسٹ،میوزکل پروگرام ،ٹیبلوز کے علاوہ دیگرپروگرام اور مارچ پاسٹ بھی ہوگا۔ اس سلسلے میں اسٹیڈیم کی تعمیرو مرمت ،تزئین و آرائش،سہولیات کے علاوہ دیگر کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں گے ۔ تما م سرکاری عمارتوں پر لائٹس اور بھرپور چراغاں کرنے کے علاوہ عوام کی ان تقریبات میں شرکت کو یقینی بنا نے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔