عید الفطر کی موسم برسات میں آمد کے پیش نظر تعطیلات کے دوران بھی انسداد ڈینگی مہم جاری رہے گی‘ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن

منگل 22 جولائی 2014 16:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء) سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب عبداللہ سنبل نے انسداد ڈینگی مہم میں شریک محکموں اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ عیدالفطر کی موسم برسات میں آمد کے پیش نظر ڈینگی لاروا کی افزائش کے ہاٹ سپاٹس کے خاتمے اور صورتحال پر نظر رکھنے کے لئے ڈینگی لارواسرویلنس اور صفائی پر مامور عملہ معمول کے مطابق ڈیوٹی انجام دے گا جبکہ عید سے قبل پارکوں ، مساجد ، عید گاہوں ، قبرستانوں اور دیگر پبلک مقامات پر لوگوں کی کثیر تعداد میں آمد کی وجہ سے بھرپور صفائی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے یہ بات منگل کے روز ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کینٹ و کنٹونمنٹ بورڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نعمان جمیل ، اے سی کینٹ راؤ افتخار ، ایڈیشنل سی او لاہور کنٹونمنٹ بورڈ فہیم علی ، ڈی ڈی او ہیلتھ کینٹ ، انوائرنمنٹ انسپکٹرز،انٹامالوجسٹ ، تعلیم ، صحت ، فشریزودیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف محکموں کے نمائندو ں نے گزشتہ ہفتے کے دوران نرسریوں ، فیکٹریوں ، زیر تعمیر عمارتوں ، ورکشاپس، ریسٹورانٹ، ٹائر شاپس ، سکولوں ، مساجد ، گھروں اور دیگر مقامات پر ان ڈور اور آؤٹ ڈور لاروا سرویلنس ، صفائی ستھرائی اور آگاہی مہم کے حوالے سے کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن عبداللہ سنبل نے ہدایت کی کہ آئندہ دو ماہ کے دوران ڈینگی مچھروں کی افزائش کے ہاٹ سپاٹس کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی جائے ، موسم برسات میں بارشوں کے بعد پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے اور نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ صفائی اور انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی باقاعدہ رپورٹ مرتب کی جائے جبکہ لوگوں کو ڈینگی کے ممکنہ خطرات اور بچاؤبارے حفاظتی تدابیر کے لئے خصوصی آگاہی مہم تیز کی جائے ۔ عبداللہ سنبل نے کہا کہ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ، مربوط رابطوں اور طے کئے گئے ضابطہ کار پر عمل کر کے ہی ڈینگی کا تدارک ممکن ہے ۔

متعلقہ عنوان :