وزیراعلیٰ سندھ نے جاپانی سرمایہ کاری گروپ ڈی ٹی ایس کو ضلع ٹھٹھہ دھابیجی کے قریب صنعتوں کے قیام کیلئے 250ایکڑ زمین فراہم کرنے پر رضامند ی ظاہر کردی

بدھ 6 اگست 2014 22:02

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جاپانی سرمایہ کاری گروپ ڈی ٹی ایس کو ضلع ٹھٹھہ دھابیجی کے قریب جاپان اسپیشل اکنامک زون میں آئی ٹی اور انجینئرنگ آلات بنانے والی صنعتوں کے قیام کیلئے 250ایکڑ زمین فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے، جہاں یہ گروپ پر دو سال کے اندر تین سو ملین امریکی ڈالر سرمایہ کاری کرے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے یہ رضامندی بدھ کو ڈی ٹی ایس گروپ کے چیئرمین اور اعزازی انویسٹمنٹ کونسلر بورڈ آف انویسٹمینٹ پاکستان ڈاکٹر ہیروناؤڈکاہاشی کی سربراہی میں آنے والے وفد کی ان کے ساتھ ملاقات کے دوران کی گئی۔ڈی ٹی ایس گروپ جاپان کے پروجیکٹس ڈائریکٹر عرفان صدیقی بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جاپان کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیلئے ہم صوبے سندھ میں جاپان کی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اس ضمن میں حکومت سندھ نے جاپانی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے دھابیجی میں 2ہزار ایکڑ پر مبنی جاپان اسپیشل اکنامک زون قائم کیا ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے جاپانی سرمایہ کاروں کو تمام تر مطلوبہ مراعات اور سہولتیں اور بھرپور انتظامی سپورٹ فراہم کی جائے گی اور وفاقی حکومت سے متعلق مسائل بھی حل کرنے کیلئے ہر قسم کا تعاون کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے دورے پر آئے ہوئے وفد کو صنعتی یونٹ کے قیام کیلئے ٹائم فریم دینے اور اسے دو سال کے اندر مکمل کرنے پر زور دیا،انہوں نے متعلقہ افسران کو متعلقہ زمین کی الاٹمنٹ اور وہ خالی پوزیشن میں ان کے حوالے کرنے سے متعلق اشوز بلاتاخیر حل کرنے کے احکامات دیئے۔وزیراعلیٰ سندھ نے وفد کی جانب سے دی گئی بریفنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپانی سرمایہ کاری سے 10ہزارافراد کیلئے روزگار کے مواقعے پیدا ہونگے جوکہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے وفد سے کہا کہ وہ روزگار کیلئے مقامی لوگوں کو ترجیح دیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، جہاں سرمایہ کاری کیلئے لاتعداد مواقعے موجود ہیں۔انہوں نے جاپانی سرمایہ کاروں کو حکومت سندھ کی سرمایہ دار دوست پالیسیوں سے بھرپور فائدو اٹھانے اور صوبہ سندھ میں مزیدسرمایہ کاری کی بھی دعوت دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی ٹی ایس گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر ہیروناڈکاہاشی نے کہا کہ ان کا گروپ صوبہ سندھ میں سرمایہ کار ی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور انکے گروپ نے کراچی سائیٹ فیزIIمیں آئی ٹی او ٹیلی کام کے شعبے میں 10ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے اور 10ایکڑ پر سافٹ ویئر ڈولپمنٹ اور کال سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انکا گروپ سرمایہ کاری کامزید فروغ چاہتا ہے اور جاپان سے مزید سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی یونٹس لانا چاہتا ہے،اس لئے دھابیجی میں قائم جاپان اسپیشل اکنامک زون میں مزید 250ایکڑ زمین کے الاٹمنٹ کی گذارش کی گئی ہے۔انہوں نے سرمایہ کاری منصبوبے کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ اور متعلقہ افسران کے تعاون اور کوششوں کوسراہا ۔

ڈی ٹی ایس جاپان کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عرفان صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ زمین کاقبضہ ملنے کے بعدسائیٹ پر تعمیراتی کام تین ماہ کے اندر جبکہ تمام صنعتی یونٹس کا قیام دو سال کے اندر مکمل ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ تین سو ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری سے مقامی لوگوں کیلئے10ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہونگے،جس سے باالواسطہ اور بلاواسطہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ٹی ایس کراچی سائیٹ فیزIIمیں کال سینٹراور سافٹ ویئر ڈولپمینٹ سینٹر چلا رہی ہے،جہاں پر مقامی نوجوانوں کو بینظیربھٹو شہید یوتھ ڈولپمینٹ پروگرام کے تحت آئی ٹی کی تربیت بھی دی جا چکی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو، صوبائی سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت،سیکریٹری آئی ٹی علی ممتاز زیدی،ڈی جی سندھ سرمایہ کاری بورڈ ریاض الدین قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :