سابق ایڈیشنل سیکرٹری معدنیا ت مرحوم مشتاق احمد کے اہل خانہ کو سرکاری رہائش میں رہنے کی اجازت دی جائے،فرید انصاری

جمعرات 7 اگست 2014 18:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اگست۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی سند ھ سیکریٹریٹ کے انچارج فرید انصاری نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سے ایک خط کے ذریعے استدا کی ہے کہ سابق ایڈیشنل سیکرٹری معدنیا ت مرحوم مشتاق احمد کی اعلیٰ صلاحیتوں اور گراں قدر خدمات کی اعتراف میں مرحوم کے صاحبزادے کی تکمیلِ تعلیم تک سرکاری رہائش گاہ مرحوم کے ورثاء کے استعمال میں رہنے دی جائے اور تکمیلِ تعلیم پر مرحوم کے صاحبزادے کو سرکاری ملازمت بھی فراہم کی جائے ۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کو تحریر کردہ اپنے خط میں انچارج پیپلز سیکریٹریٹ سندھ نے مرحوم مشتاق احمد کو بھر پور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم جیسے اعلیٰ ظرف و بے نظیر افسران اپنی مثال آپ اور اپنے ہم مراتب کے لئے مشعلِ راہ ہیں جو خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار تھے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام کاوشوں کو بروے کار لاتے تھے ، ان کی اچانک رحلت بیورو کریسی کا نقصان ہے اور انتظامیہ ایک شفیق ہمدرد اور عوام دوست افسرسے محروم ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

فرید انصاری نے اپنے خط میں مزید درخواست کی ہے کہ لائقِ احترام وزیرِ اعلیٰ اپنے صوابدیدی اختیاراتی فنڈ کے ذریعے بھی مرحوم کے اہلِ خانہ کی مالی اعانت کریں جنہوں نے فرض شناسی، دیانت داری اور جذبہ خلوص کو شعار بنایا اور اقربا پروری اور کرپشن کے خلاف آخری سانس تک جدوجہد میں مصروف رہے۔