تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کے استحکام کے لیے مل کر کوششیں کرنا ہو ں گی‘ گورنر پنجاب ،حکومت نے ایک سال کے مختصر عرصے میں ملکی معیشت کی بہتری میں کئی مثبت اعشاریے سامنے آئے ہیں، ایسے حالات میں ایسے اقدامات سے اجتناب کرنا چاہیے جن سے معاشی ترقی کا پہیہ رکنے کا خدشہ ہو‘ چوہدری محمد سرور

ہفتہ 9 اگست 2014 19:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اگست۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے معروف صنعت کار اور ایوان صنعت و تجارت ملتان وڈیرہ غازیخاں کے سابق صدراور چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ نشتر ہسپتال ملتان خواجہ جلال الدین رومی نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی صورت حال ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ جمہوریت کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے اس نظام کا تسلسل ناگزیر ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کے استحکام کے لیے مل کر کوششیں کرنا ہو ں گی ۔انہو ں نے کہا کہ حکومت نے ایک سال کے مختصر عرصے میں ملکی معیشت کی بہتری میں کئی مثبت اعشاریے سامنے آئے ہیں‘ جی ڈی پی کی گروتھ تقربیا چار فیصد ہو گئی ہے ، روپے کی قدر میں استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں بتدریح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے حالات میں ایسے اقدامات سے اجتناب کرنا چاہیے جن سے معاشی ترقی کا پہیہ رکنے کا خدشہ ہو ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت صوبے کے تمام علاقوں کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور حالیہ بجٹ میں پسماندہ علاقو ں میں ترقیاتی کاموں کے لیے ریکارڈ فنڈز مختص کیے گئے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے جلال الدین رومی کو جنوبی پنجاب میں مختلف تدریسی اداروں کی سرپرستی کرنے اور نشتر ہسپتال ملتان میں عام آدمی کے لیے صحت کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا ۔

معروف صنعت کار جلال الدین رومی نے تعلیم میں میرٹ کے فروغ اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے گورنر پنجاب کی طرف سے اقدامات کو سراہا اور دو واٹر فلٹریشن پلانٹ کے فنڈز فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ بعد ازاں،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں برٹش ہائی کمشن میں نئی تعینات ہونے والی پولیٹیکل کونسلرمس جنفر کول نے ملاقات کی۔

اس موقع پر سبکدوش ہونے والی پولیٹیکل کونسلو مس سوسان بھی موجود تھیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ قیادت ملک میں جمہوریت کے استحکام اور امن و امان کے حوالے سے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے مختلف منصوبہ جات بھر پور توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

گورنر نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں خواہش کا اظہار کیا کہ برطانیہ کے ماہرین پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر ، ہیلتھ، ایجوکیشن کے علاوہ سوشل سیکٹر کے شعبوں میں اپنی معاونت فراہم کریں۔اس موقع پر نئی تعیناتی ہونے والی پولیٹیکل کونسلر نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات باہمی دلچسپی کے امور پر قائم ہیں اورمختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔