پاکستان میں پہلا رائس بران آئل پلانٹ نصب

منگل 12 اگست 2014 16:50

پاکستان میں پہلا رائس بران آئل پلانٹ نصب

پاکستان کا پہلا رائس بران آئل پلانٹ اکتوبر سے پیداوار شروع کردے گا، اس پلانٹ میں چاول کے چھلکے سے اعلیٰ معیار کا بران آئل تیار کیا جائے گا۔ مقامی سطح پر بران آئل کی پیداوار سے خوردنی تیل کی درآمد پر اٹھنے والے زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور رائس انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن کے رجحان کو فروغ حاصل ہوگا۔ سپلائی چین مینجمنٹ کے بعد زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی ’’ای ٹو ای سپلائی چین مینجمنٹ کمپنی ‘‘کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد بٹ ن بتایا کہ ان کی کمپنی نے پاکستان میں رائس انڈسٹری میں ہائی ٹیک ویلیو ایڈیشن کی ابتدا کرتے ہوئے رائس بران آئل پلانٹ ’’مرید کے‘‘ کے علاقے میں نصب کردیا ہے، یہ پلانٹ بھارت سے درآمد کیا گیا ہے جس پر 1ارب 10کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس پراجیکٹ کو ’’پراجیکٹ بسنتی‘‘ کا نام دیا گیا ہے، پلانٹ فراہم کرنے والی بھارتی کمپنی پلانٹ نصب کرنے سے لے کر پیداوار شروع کرنے کے مراحل میں پاکستانی عملے کو تربیت بھی فراہم کرے گی، ٹیکنالوجی کے لحاظ سے کارگر ہونے کے ساتھ بھارتی پلانٹ مغربی ملکوں کے مقابلے میں سستا اور ایفی شنسی کے لحاظ سے بہتر ہے، پلانٹ کی تنصیب میں بھارتی ماہرین نے بھرپور مدد اور تعاون فراہم کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں رائس بران آئل پلانٹ کی تنصیب پر 80کی دہائی سے سوچ بچار جاری رہی۔

جامشورو یونیورسٹی کے ماہرین نے80کی دہائی کے آخر میں اپنے ایک تحقیقی مقالے میں پاکستان کی رائس انڈسٹری کو ویلیو ایڈیشن کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے رائس بران آئل پلانٹ لگانے کی تجویز دی تاہم اس تجویز پر عمل درآمد میں بھارت سبقت لے گیا اور 90کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں بھارت میں رائس بران آئل پلانٹ لگنا شروع ہوگئے جو اب باقاعدہ انڈسٹری بن چکی ہے۔

عابد بٹ نے کہا کہ رائس بران آئل پلانٹ کی پیداواری گنجائش 11ہزار ٹن سالانہ پلانٹ سے تیار ہونے والا تیل مقامی سطح پر فروخت کیا جائے گا جس سے خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والے زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور سالانہ 10کروڑ ڈالر تک کا زرمبادلہ بچایا جاسکے گا، ساتھ ہی مقامی سطح پر اعلیٰ معیار کا بران آئل دستیاب ہوگا جو افادیت کے لحاظ سے زیتون کے تیل کے قریب ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بران آئل مقامی سطح پر کنولہ اور سن فلاور آئل کی قیمت کے قریب فروخت ہوسکتا ہے۔

ان کی کمپنی اس بات پر غورکررہی ہے کہ تیار شدہ بران آئل کی خود برانڈنگ اور مارکیٹنگ کی جائے یا پھر خوردنی تیل کی پہلے سے موجود کسی کمپنی کو تیار تیل فروخت کیا جائے، دونوں صورتوں میں پاکستانی صارفین کو انسانی صحت کے لحاظ سے انتہائی موزوں اور مفید اعلیٰ معیار کا تیل دستیاب ہوگا۔

واضح رہے کہ رائس بران آئل چاول کے اوپری بھورے چھلکے سے تیار کیا جاتا ہے جس کے استعمال سے انسانی جسم میں مضر صحت کولیسٹر کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے، یہ تیل زیادہ درجہ حرارت پر فرائنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور ایشیائی ملکوں بشمول چین و جاپان رائس بران آئل کی بڑی منڈی سمجھے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :