Live Updates

عمران خان سول نافرمانی اور طاہرالقادری ڈیڈ لائن واپس لیں،مذاکرات کا راستہ اپنائیں صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی

پیر 18 اگست 2014 17:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اگست۔2014ء) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی اور مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ سمیت پچاس سے زائد علماء و مشائخ نے اپنی اجتماعی اپیل میں کہا ہے کہ عمران خان سول نافرمانی اور طاہرالقادری ڈیڈلائن واپس لیں اور فریقین مذاکرات کا راستہ اپنائیں، حکومت اور دھرنوں والے حالات کی نزاکت کا احساس کریں۔

انتشار اور انارکی سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا، حالات اس نہج پر نہ لے جائیں کہ سنبھالے نہ جا سکیں، بحران سے نکلنے کا واحد حل صرف لچک ہے۔ فریقین نے ضد اور ہٹ دھرمی کا رویہ نہ چھوڑا تو ملک کسی بڑے سانحہ سے دوچار ہو سکتا ہے اس لیے حکومت اور دھرنوں والے اعلیٰ ظرفی اور بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے تحمل، تدبر، ہوش مندی اور بالغ النظری سے کام لیں۔

(جاری ہے)

پاکستان دشمن عالمی طاقتیں پاکستان میں خانہ جنگی کروانا چاہتی ہیں۔ ڈائیلاگ سے سیاسی ڈیڈلاک کا خاتمہ کیا جائے۔ حکومت دھرنوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کی پالیسی پر قائم رہے۔ تمام سیاسی و مذہبی راہنما اور محب وطن طبقات پاکستان کو عراق، شام اور مصر بننے سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ نظامِ مصطفی کا نفاذ ہی ملک کے سارے مسائل کا حل ہے اس لیے مذہبی راہنما پرامن طریقے سے نفاذِ نظامِ مصطفی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالیں۔

بلٹ کی بجائے بیلٹ کا راستہ اختیار کرنے میں ہی سب کا بھلا ہے۔ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں بات چیت سے درمیانی راستہ نکالا جائے اور ملک کو خون خرابے سے بچایا جائے۔ بحران کا ایسا حل نکالا جائے جس سے کسی کی ہار اور جیت نہ ہو بلکہ صرف اور صرف پاکستان کی جیت ہو۔ صورتحال سنگین ہونے سے پہلے قومی قیادت سیاسی بحران کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

یہ وقت آگ پر تیل نہیں پانی ڈالنے کا ہے۔ ملک کو کشیدگی نہیں کشادگی کی ضرورت ہے۔ مزاحمت نہیں مفاہمت کا رویہ اختیار کرنا ہو گا۔ سول نافرمانی جیسے باغیانہ اعلانات مسائل کا حل نہیں۔ سول نافرمانی کا اعلان سیاسی انتہاپسندی ہے۔ سول نافرمانی حکومت نہیں ریاست کے خلاف ہوتی ہے۔ یہ وقت سیاست بازی نہیں ملک بچانے کا ہے۔ پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائیں اور آئی ڈی پیز کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور بلیم گیم کو چھوڑ کر سنجیدگی کی روش اپنانا ہی ملک و قوم کے لیے بہتر ہے جبکہ ریاست کا نظام درہم برہم کرنا ملک دشمنی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :