ملکی ترقی و خوشحالی اور دیرپاامن کے قیام کیلئے تعلیم پر توجہ دینا ہوگی‘ نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان

منگل 26 اگست 2014 13:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء) نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی صد ر پروفیسر وارث علی شاہین نے کہا ہے کہ ملکی ترقی و خوشحالی اور دیرپاامن کے قیام کیلئے تعلیم پر توجہ دینا ہوگی، بدامنی ،بے روزگاری ،لاقانونیت اورجہالت جیسے سنگین مسائل پر قابو پانے کیلئے معیار تعلیم کوبہتر بنانا ہوگا ،تعلیم کے بغیر کوئی بھی ملک او رقوم ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی ، معاشرہ میں تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے، قوموں کے عروج معیاری تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے، ملک وملت کے روشن مستقبل کی سازی کیلئے تعلیم کافروغ ناگزیر ہے،مختلف نظا م ہائے تعلیم نے معاشرے کو کئی طبقات میں تقسیم کردیا ہے۔

قوم کو متحد رکھنے کیلئے یکساں نظام تعلیم کیلئے منصوبہ بند ی کی جائے،امیر وغریب ، حب الوطنی کے جذبے کافقدان سمیت دیگر مسائل یکسا ں نظا م تعلیم اور ایک زبان نہ ہونے کی وجہ سے جنم لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کے اظہا ر انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں نعیمین ایجوکیشن سوسائٹی کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر وارث علی نے کہا کہ انسانیت کی معراج معیاری تعلیم کے حصول میں پوشید ہ ہے۔

پاکستان میں پسماندگی اور احساس محرومی کے مستقبل خاتمہ کیلئے تعلیمی ترقی ناگزیر ہے 21صدی میں تعلیم کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ۔دنیا میں انہیں قوموں نے ترقی کی منازل طے کی ہیں جن قوموں نے تعلیم کوبنیادی اہمیت دیگر اس کی قدر کی ہے۔حافظ سفارش علی نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ علم وعلم سے تعلق کمزور ہونے کی وجہ سے زبوں حالی کے شکار ہوئی۔

سائنس و ٹیکنالوجی کے بغیر ہم عصر حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما نہیں ہو سکتے ۔ دنیامیں وہی قومیں کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں جو تعلیم کو اپنا زیور بنالیتی ہیں۔پروفیسر محمدرمضان قادری نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان نسل ہی پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضامن ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیم کی قدر وقیمت کوسمجھتے ہوئے قوم کے ہرفرد میں تعلیمی بیداری پیداکی جائے۔نوجوان نسل کو جدید علوم کیساتھ ساتھ دینی علوم پر بھی توجہ دینا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :