Live Updates

عمران خان اور طاہرالقادری اسلام آباد کو یرغمال بنا کر پارلیمنٹ سمیت دیگر اداروں پر دھاوا بول کر خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں،چوہدری زاہد اکرم

جمعہ 29 اگست 2014 17:36

چشتیاں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری زاہد اکرم نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہرالقادری اسلام آباد کو یرغمال بنا کر پارلیمنٹ سمیت دیگر اداروں پر دھاوا بول کر خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت کے صبر و تحمل کی بناء پر ان کی تمام خواہشات دم توڑ گئی ہیں۔آزادی مارچ اور انقلاب مارچ سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ چشتیاں میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے عہدیداران چوہدری عدیل انور چیمہ،منیر احمد انصاری، چوہدری محمد اکرام ،عمران کسانہ سمیت دیگر مسلم لیگی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی اشتعال انگیز تقاریر کے باوجود مسلم لیگی کارکنوں نے برداشت اور بردباری کا مظاہرہ کیا لیکن حکومتی خاموشی اور شرافت کے باوجود خواتین اور معصوم بچوں کو ڈھال بنا کر پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے کارکنوں کو خون خرابہ پر اکسایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عمران خان اور طاہر القادری کے طرز عمل کو ہد ف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف آئین وقانون کی بالادستی کے لیے مذاکرات کے ذریعے سیاسی بحران کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ملک میں جاری میگا پراجیکٹس پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے اور مختصر عرصہ میں اپنے انتخابی حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں ۔ اڈہ پل مراد اور لطیف آباد میں دو گرلز کالجز کی منظوری ،رورل ہیلتھ سنٹر ڈاہرانوالہ میں ڈے کیئر سنٹر ،ساڑھے چودہ کروڑ کی خطیر رقم سے تیسرے میل چشتیاں سے شہید چوک تک ڈبل سڑک پر تیزی سے کام جاری ہے اور ڈاہرانوالہ کی تمام یونین کونسلوں میں ذاتی دلچسپی سے ترقیاتی کام کروائے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات