ڈینگی پر قابو پانے کیلئے امیرالدین میڈیکل کالج کے طلبا پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دینے کا اعلان

پیر 1 ستمبر 2014 17:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم ستمبر۔2014ء) جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کے طلبا و طالبات کے لئے انسداد ڈینگی ٹریننگ کے حوالے سے خصوصی لیکچرکا اہتمام کیا گیا ۔ پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر انجم حبیب وہرہ اور پروفیسر آغاشبیر علی کی طرف سے دیئے گئے لیکچر میں طلباء و طالبات کو بتایاگیا کہ ڈینگی و دیگر امراض پر قابو پانے کے لئے آگہی و شعور کی بھرپور مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔

اس مقصد کے حصول کے لئے سٹوڈنٹس کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ ان کمیٹیوں میں شامل میڈیکل کے طلباء و طالبات گلی محلوں کی سطح پر عوام کو ڈینگی اور دیگر بیماریوں کے خلاف حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی تربیت دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک معاشرے کا ہر فرد اس مہم میں اپنا موثر کردار ادا نہیں کرے گا اس وقت تک ان بیماریو ں پر قابو پانا ممکن نہیں ۔

(جاری ہے)

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جس طرح ڈینگی کو شکست دے کر پوری دنیا کو حیران کیا ہے اگر اس وباکے خلاف اسی تندہی سے کام جاری رکھا جائے تو آئندہ برسوں میں اس کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا ۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ جس طرح سیر و تفریح کو اپنے معمولات میں شامل کرتے اسی طرح اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنے کے لئے بھی وقت نکالیں خصوصا اپنے گھرو ں، گلی محلوں میں کسی صورت پانی و کوڑا کرکٹ جمع نہ ہونے دیں تا کہ ڈینگی لاروا پرورش نہ پا سکے ۔پروفیسر انجم حبیب نے طب سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ عوام کو موسمی امراض سے بچاؤ اور حفظان صحت کے اصولوں بارے آگاہ کریں تا کہ لوگ ان بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

متعلقہ عنوان :