پشاورپولیس لائن میں تقسیم اسنادکی تقریب

پیر 1 ستمبر 2014 17:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم ستمبر۔2014ء) سنٹرل پولیس آفس پشاور میں تقسیم اسناد کی ایک پُر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے ضلع تورغر کے پولیس آفسروں و جوانوں کو شرپسندوں کا سُراغ لگانے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔تفصیلات کے مطابق 20جون کو تھانہ درابنی کی حدود میں نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس وین کو بارودی دھماکے سے اُڑایاجس میں دو جوان شہید اورڈرائیور زخمی ہوا۔

اس اندھے کیس کا سُراغ لگانے کے لئے پولیس ٹیم تشکیل دی گئی ۔گزشتہ روز پولیس کو علاقے میں ایک گھر پر مذکورہ واقعے میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی۔ پولیس نے مذکورہ گھر پر چھاپہ مار کر گھر کے مالک شاہد الحق کو گرفتار کرکے اُن سے ایک عدد رائفل برآمدکیا جبکہ باقی ملزمان فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

شاہد الحق نے عدالت کے روبرو اپنے بیان میں پولیس وین پر حملے میں ملوث اپنے بھائی نورالحق اور شانگلہ سے تعلق رکھنے والے دو عسکریت پسندوں کفایت اللہ اور زین العابدین کے نام اُگل دئیے۔

ملزمان نے اس سے پہلے بھی پولیس ٹرک پر حملہ کیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کیس کا کامیابی سے سراغ لگانے پر پولیس ٹیم کی کاکردگی کو سراہا اور اُن پر زوردیا کہ وہ پولیس پر حملوں میں ملوث عسکریت پسندوں کے خلاف گھیرا تنگ کرکے انہیں جلد ازجلد انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ تورغر کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے پولیس کی تمام ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پورے کئے جائیں گے۔ اس موقع پر آئی جی پی نے پولیس ٹیم میں شامل انسپکٹر شاد محمداور ایس ایچ اُو جُدباء سب انسپکٹر محمد سعید تنولی کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔ پرسنل اسٹاف آفیسر برائے آئی جی پی صہیب اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔