دیر سے سینئر سکول ٹیچرز کا محکمہ تعلیم کی پروموشن پالیسی کے تحت پی ای ٹی اساتذہ کی ڈی پی ای پر تعیناتی کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان

بدھ 3 ستمبر 2014 21:41

تیمر گرہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3ستمبر 2014ء) ضلع دیر سے تعلق رکھنے والے متوقع سینئر سکول ٹیچرز نے محکمہ تعلیم کی پروموشن پالیسی کے تحت پی ای ٹی اساتذہ کی ڈی پی ای پر تعیناتی کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز گورنمنٹ پرائمری سکول چکدرہ میں متوقع سینئر سکول ٹیچرز کا ایک ہنگامی اجلاس قیوم خان کی نگرانی میں منعقد ہوا جس میں ضلع دیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف کیڈرز کے اساتذہ نے شرکت کی۔

اجلاس سے سینئر اساتذہ قیوم خان، حسن زیب، سیدالابرار، عبداللہ شاہ اور محمد رحمان نے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس سال ماہ فروری میں ان کے ایس ایس ٹی اسامیوں پر ترقی کی منظوری دی جا چکی ہے اور صوبے کے اکثر سکولوں میں ایس ایس ٹی کی آسامیاں خالی پڑی ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پی ای ٹی اساتذہ نے عدالت سے ان ترقیوں کے خلاف سٹے آرڈر حاصل کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے محکمہ کے ارباب اختیار بھی لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں۔

اجلاس میں خیبر پختونخواہ حکومت اور محمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ جلد از جلد محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ شروع کیا جائے اور صوبہ بھر میں خالی آسامیوں پر انھیں ترقی دی جائے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جب تک ایس ایس ٹی اساتذہ کی بھرتی نہیں ہوتی تب تک پی ای ٹی کی ڈی پی ای پوسٹوں پر ترقی بھی نہیں ہونے دی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلے میں بہت جلد پشاور ہائی کورٹ سے ڈی پی ای ز کی بھرتی کے خلاف بھی سٹے آرڈر حاصل کیا جائے گا۔

اجلاس میں آئیندہ جمعرات کو سینٹینئل ماڈل ہائی سکول تیمرگرہ میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اہل اساتذہ کا ایک اور ہنگامی اجلاس بلانے کا اعلان کیا گیا اور تمام متاثرہ اساتذہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ اسی روز سہ پہر تین بجے اجلاس میں اپنی حاضری کو ئقینی بنائیں تاکہ آئندہ کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :