کوئٹہ، کامیاب آزادی مارچ سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ، قاسم خان سوری

جمعرات 4 ستمبر 2014 17:39

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی کور کمیٹی کے ممبر و بلوچستان کے سابق صدر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کامیاب آزادی مارچ سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ۔ایک بیان میں قاسم خان سوری نے کہا کہ11مئی کے انتخابات میں پاکستان کی تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی پاکستان تحریک انصاف کی اکثریت کو راتوں رات اقلیت میں تبدیل کردیا گیاپارٹی قائد نے اسکے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قوم پرست جماعتیں صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں کل تک پنجاب کے خلاف باتیں کرنے والے آج نواز شریف کے ساتھ اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں اوراپنے ذاتی مفادات کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے قائدین پر بے بنیاداور جھوٹے الزامات لگارہے ہیں جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران اوراسکے اتحادی کامیاب آزادی مارچ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پر وحشیانہ لاٹھی چار ج اور آنسو گیس کی شیلنگ قابل مذمت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتیں تحریک انصاف کے خلا ف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے کی بجائے بلوچستان کے عوام کے مسائل حل کریں پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان پاکستان کے عوام کو جعلی مینڈیٹ والے حکمرانوں سے نجات دلاکر دم لیں گے۔