سندھ میں 7 سے 8 لاکھ کیوسک پانی کا سیلابی ریلا داخل ہونے کا امکان ہے،وزیر اعلیٰ سندھ ،

جب تک سیلابی ریلے کو گڈو بیراج سے بحیرہ عرب تک نہیں لے جاتے ، حفاظتی بندوں پر موجود رہیں گے ،صحافیوں سے بات چیت

پیر 15 ستمبر 2014 19:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء ) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ میں 7 سے 8 لاکھ کیوسک پانی کا سیلابی ریلا داخل ہونے کا امکان ہے ۔ جب تک سیلابی ریلے کو گڈو بیراج سے بحیرہ عرب تک نہیں لے جاتے ، ہم حفاظتی بندوں پر موجود رہیں گے ۔ وہ پیر کو بلاول ہاوٴس کے ہیلی پیڈ پر پنجاب اور آزاد کشمیر کے متاثرین کے لیے امدادی چیک اور امدادی سامان کے ٹرک حوالے کرنے کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ ہم یہ توقع کر رہے ہیں کہ کوئی بند نہیں ٹوٹے گا اور نہ ہی بند توڑنے کی نوبت آئے گی ۔ 2010ء کے سپر فلڈ کا ہمیں تجربہ ہے ۔ میری کابینہ کے ارکان ، پیپلز پارٹی کے رہنما اور ارکان پارلیمنٹ سب حفاظتی بندوں پر موجود ہیں اور ان کی نگرانی کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

میں بھی دوبارہ لاڑکانہ جا رہا ہوں ۔ جب تک سیلابی ریلا بحیرہ عرب میں نہیں گرے گا ، ہم بندوں پر موجود رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی کی طرف سے پنجاب اور آزاد کشمیر کے متاثرین کے لیے ہم نے تھوڑی سی خدمت کی ہے ۔ وہاں بے پناہ نقصانات ہوئے ہیں ۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم پنجاب اور آزاد کشمیرکے بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اورشریک چیئرمین اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی امداد کے لیے حکومت سندھ کو جو بھی احکامات جاری کریں گے ، ان پر عمل کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :