ڈاکٹر محمد کامران کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت

جمعرات 2 اکتوبر 2014 17:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء) پنجاب یونیورسٹی اورئینٹل کالج شعبہٴ اردو کے صدرپروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے آکسفورڈ یونیورسٹی، برطانیہ میں ملٹی کلچرل ازم کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے ”اکیسویں صدی میں ادب کی تدریس میں انٹرنیٹ کا کردار“ کے موضوع پر مقالہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں دنیا بھر سے ڈیڑھ سو سے زائد مندوبین نے شرکت کی جبکہ پاکستان سے صرف ڈاکٹر محمد کامران کو مدعو کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر محمد کامران نے کانفرنس کے شرکاء سے پاکستان کی عصری سیاسی صورتِ حال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ احتجاجی دھرنوں کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی شعور اور جمہوری کلچر فروغ پا رہا ہے اور پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے جو آزمائش کی ہر گھڑی میں ثابت قدم رہنا جانتی ہے۔ڈاکٹر کامران نے کہا کہ اردو پاکستان کی قومی زبان ہے اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔