سیلاب متاثرین کو گھروں ، فصلوں،جانوروں اور پہنچنے والے دیگر نقصانات کی ادائیگی جلد از جلد مکمل کی جائیگی‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

منگل 14 اکتوبر 2014 17:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اکتوبر۔2014ء) وزیرخزانہ،ایکسائز و ٹیکسیشن و قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی کا دوسرا مرحلہ 20 اکتوبر سے شروع کیا جا رہا ہے ، صوبہ کی تاریخ کے بدترین سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے بڑا آپریشن شروع کیا گیا ہے جس کی نگرانی وزیر اعلی پنجاب کر رہے ہیں اور انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں کے مسلسل دورے کئے ہیں ،سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم کی فراہمی کے طریقہ کار کو سادہ اور شفاف بنایا گیا اور ادائیگی کے مراحل کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی،دوسرے مرحلے میں بھی انتہائی شفاف طریقے سے متاثرین کو ان کے گھروں ، فصلوں،جانوروں اور پہنچنے والے دیگر نقصانات کی ادائیگی جلد از جلد مکمل کی جائے گی تاکہ وہ اپنے روزمرہ کی زندگی میں واپس آ سکیں، امدادی رقوم کی ادائیگی پنجاب بنک ،نیشنل بنک کے ذریعے کی جا رہی ہیں اور ضرورت پڑی تو دیگر بنکوں کو بھی یہ ذمہ داری سونپی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب زدگان کیلئے امدادی رقوم کی فراہمی کے سلسلے میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایم پی اے عائشہ غوث پاشا، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوندیم اشرف، سیکرٹری خزانہ جہانزیب خان،سپیشل سیکرٹری خزانہ احمد رضا سرور،نادرا،پنجاب بنک،نیشنل بنک ،شیڈول بنکوں کے نمائندگان ، ڈی جی پی ڈی ایم اے کے علاوہ سینئر صوبائی حکام نے شرکت کی۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت نے ادائیگیوں کے مراکز میں متاثرین کی سہولت کے لئے بیٹھنے ،پینے کے پانی و دیگر ضروریات کو فراہم کرنے کے اقدامات کئے اور دوسرے مرحلہ میں بھی پرسکون ماحول میں ادائیگیوں کے مراحل منتقل کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور مختلف ادارے، مخیرحضرات اور فلاحی تنظیمیں بھی تعاون کر رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہسیلاب سے متاثر ہونے والی سڑکوں کی تعمیر و مرمت ، فصلوں و گھروں ودیگر عمارات کے منہدم ہونے کے باعث نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اورمتاثرین سیلاب کی مکمل بحالی اور ان کے روزگار کے وسائل فراہم کرنے تک متاثرین کی امداد جاری رکھی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :