زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ہزاروں طلباء کافیسوں میں اضافہ کیخلاف جیل روڈ پر دھرنا

جمعرات 16 اکتوبر 2014 14:03

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 اکتوبر۔2014ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ہزاروں طلباء نے فیسوں میں اضافہ‘ ہاسٹلوں میں ناکافی جگہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کے توہین آمیز روئیے کیخلاف زرعی یونیورسٹی کے مین گیٹ اور جیل روڈ پر دھرنا دیا جس کی وجہ سے کئی گھنٹے تک ٹریفک جام رہی‘ طلباء نے زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد اور انتظامیہ کیخلاف مسلسل کئی گھنٹے تک نعرے بازی کی۔

اس موقع پر متحدہ طلباء محاذ کے جنرل سیکرٹری حذیفہ خالد چوہدری نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ سے بار بار ملاقاتوں اور درخواستوں کے باوجود انتظامیہ کی بے حسی کے باعث طلباء ذلیل و خوار ہورہے ہیں۔ ہاسٹلوں کی بدانتظامی اور فیسوں میں قواعد کیخلاف ہوشرباء اضافہ کرنے کے بعد طلباء کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور انتظامیہ کنبہ پروری کرتے ہوئے اپنے عزیزوں رشتہ داروں اور ایک مخصوص برادری کے لوگوں کی تقرریاں کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ طلباء مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ انہوں نے گورنر پنجاب‘ وزیراعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ زرعی یونیورسٹی میں ہونے والی مبینہ بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کی فوری طور پر تحقیقات کروائی جائیں۔ اگر حکومت نے ایسا نہ کیا تو فیصل آباد میں آنے اور جانے والے تمام راستوں کو بند کرکے دھرنے دئیے جائیں گے اور اس وقت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا جب تک زرعی یونیورسٹی کے طلباء کے مطالبات تسلیم نہیں ہوجاتے۔

متعلقہ عنوان :