چشتیاں کے انتہائی پسماندہ بخشن خاں اور قدیم علاقہ ہٹھاڑ کے ہزاروں کسانوں کی سہولت اور زرعی معیشت کے استحکام کے لیے زرعی ترقیاتی بنک کی نئی برانچ سنگ میل ثابت ہوگی، چوہدری طاہر بشیر چیمہ

پیر 20 اکتوبر 2014 17:09

چشتیاں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء ) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری طاہر بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ چشتیاں کے انتہائی پسماندہ بخشن خاں اور قدیم علاقہ ہٹھاڑ کے ہزاروں کسانوں کی سہولت اور زرعی معیشت کے استحکام کے لیے زرعی ترقیاتی بنک کی نئی برانچ سنگ میل ثابت ہوگی جبکہ حکومت نے بخشن خاں سے شیلی غربی تک ساڑھے چودہ کلومیٹر ڈبل روڈ کی تعمیر کے لیے 14 کروڑ 50لاکھ روپے جاری کرکے کسانوں کا 25 سالہ دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے۔

انہوں نے بخشن خاں میں زرعی ترقیاتی بنک کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ضلع بہاولنگر ملک کی زرعی اجناس کی پیداوار میں 25 فیصد حصہ دارکا ہونے کا قابل فخر قومی فریضہ انجام دے رہا ہے اور حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود ،زرعی اجناس کی پیداوار میں مزید اضافہ ، چھوٹی بڑی منڈیوں کے ساتھ رابطہ سڑکوں کے قیام و دیگر مسائل کے حل کے لیے انقلابی اقدامات عمل میں لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بخشن خاں میں زرعی ترقیاتی بنک اور سڑک کی تعمیر سے دو لاکھ عوام کو فائدہ ہوگا۔تقریب میں سابق تحصیل ناظم ملک عبدالغفار اعوان، نواب مظہر خان لکھویرا، چوہدری ساجد مہیس، نواب فخر خاں لکھویرا، یوسف خاں لکھویرا، زرعی ترقیاتی بنک کے افسران اور علاقہ کے سینکڑوں کسانوں نے شرکت کی۔