صوابی،فلور ملز ایسو سی ایشن کا وفاقی حکومت سے گندم کا کوٹہ جلد از جلد ملزمالکان کو فراہم کر نے اور فی بوری ریٹ 2400روپے مقرر کر نے کا مطالبہ

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 16:38

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 اکتوبر۔2014ء)فلور ملز ایسو سی ایشن ضلع صوابی نے وفاقی حکومت سے گندم کا کوٹہ جلد از جلد ملزمالکان کو فراہم کر نے اور فی بوری ریٹ 2400روپے مقرر کر نے کا مطالبہ کر تے ہوئے اس امر پر آفسوس کااظہار کیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے فلور ملوں کو ماضی میں گندم کا کوٹہ ملز مالکان کو یکم ستمبر سے مل رہا تھا مگر اس بار ماہ اکتوبر بھی ختم ہو نے والا ہے اور تاحال گندم کا کوٹہ فلور ملوں کو تاحال نہیں ملا ہے۔

اس سلسلے میں صوابی فلور ملز ایسو سی ایشن ضلع صوابی کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت سراج بہادر منعقد ہوا جس میں تمام اراکن نے شرکت کی اجلاس سے ضلعی سرپرست اعلیٰ حاجی افتخار احمد خان ایڈوکیٹ اور ضلعی صدر حاجی آفتاب احمد خان نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ تبدیلی آئی نہیں بلکہ آگئی ہے کیونکہ پچھلے حکومتوں میں فلور ملوں کو گندم کا کوٹہ یکم ستمبر سے ملنا شروع ہوا کر تا تھا مگر اب ماہ اکتوبر بھی ختم ہو نے والا ہے اور تاحال فلور ملوں کو گندم کا کوٹہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فلور ملوں کو جلد از جلد کوٹہ کے مطابق گندم کی فراہمی اور گندم کا ریٹ فی بوری 2400روپے مقرر کر نے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر فوری طور پر گندم کی فراہمی فلور ملوں کو شروع نہ کی گئی تو آٹے کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہو گا انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں صوبہ کے پی کے کی فلور ملز انڈسٹری کو تباہ کر نے پر تُلی ہوئی ہے لہٰذا حکومت یہ سازش ناکام بنا کر فی الفور گندم کی فراہمی شروع کریں۔