" یوتھ مینٹری۔کہہ دو ان کہی" میں انٹریز جمع کرانے کی تاریخ میں 10 دن کی توسیع کر دی گئی

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 18:40

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر 2014ء)بڑھتی عمر کے نوجوانوں کو والدین کی جانب سے بہتر راہنمائی فراہم کرنے کے حوالے سے ملک گیر آ گاہی مہم" عہد"نے اپنے یوتھ ڈاکومینٹری مقابلے" یوتھ مینٹری۔کہہ دو ان کہی" میں انٹریز جمع کرانے کی تاریخ میں 10 دن کی توسیع کر دی ہے۔یوتھ مینٹری میں حصہ لینے کے خواہشمندنوجوان اب اپنی انٹریز 4 نومبر 2014 تک بھجوا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ " عہد" ایک ملک گیر آگہی مہم ہے جس کا مقصد والدین اور نگرانوں میں آگاہی پیدا کرناہے کہ وہ اپنے بڑھتی ہوئی عمر کے بچوں اور بچیوں کو پیش آنے والے مختلف ذہنی، جسمانی اور جذباتی مسائل پر مناسب اور بروقت رہنمائی فراہم کریں۔ بڑھتی عمر کے نوجوانوں کے بنیادی مسائل مثلاً ہم عصروں کا غیر متوازن دباؤ، جنسی استحصال، ایچ آئی وی اور ایڈز، نشہ اور ہیپٹائٹس کے بارے میں درست اور بروقت معلومات کی عدم دستیابی کی وجہ سے نوجوان مختلف مسائل کا شکار ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے معاشرہ عدم استحکام سے دوچار ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

" عہد" سمجھتا ہے کہ اگر والدین اور نگران ان معاملات پر اپنے بچوں کو مناسب اور بروقت معلومات فراہم کر یں تو معاشرے کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔اس مقابلے میں بہترین ڈاکومینٹریاںDSLR کیمرہ اور نقد انعام کی حقدار قرار پائیں گی۔واضح رہے کہ اس ڈاکومینٹری مقابلے24 سال سے کم عمر کے نوجوانوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ نوجوانوں کو پیش آنے والے مختلف مسائل جیسے بڑھتی عمر کے مسائل یا ہم عصروں کا غیر متوازن دباؤ پر 3 سے10 منٹ کی ایک ڈاکومینٹری تیار کریں اور " عہد " کو بھجوائیں۔

" عہد" نے اس مقابلے میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کیلئے موبائل فون کے ذریعے بنائی گئی ڈاکومینٹریاں بھی قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مقابلے کی مزید تفصیلات www.ehad.org.pk سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔