جمہوریہ بیلاروس نے پاکستان میں اپنا سفارتخانہ قائم کر دیا

جمعرات 13 نومبر 2014 21:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) جمہوریہ بیلاروس نے پاکستان میں اپنا سفارتخانہ قائم کر دیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت اور معیشت کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور جمہوریہ بیلا روس کے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے نائب وزیر خارجہ ویلنٹن ریباکوف نے جمعرات کو ایک تقریب میں مشترکہ طور پر سفارتخانے کا افتتاح کیا۔

بیلا روس کے نائب وزیر خارجہ نے، جو خصوصی طور پر پاکستان میں سفارتخانہ قائم کرنے کی تقریب میں شرکت کرنے کیلئے آئے ہوئے ہیں، اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں بیلا روس کے سفارتخانے کے قیام سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو فروغ دینے میں مدد دے گا جس سے تعلیم، صحت، زراعت اور دوسرے شعبوں میں تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا ایک مشترکہ تجارتی کمیشن قائم کریں گے جس کا پہلا اجلاس آئندہ سال کے اوائل میں بیلاروس میں ہوگا۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ بیلاروس کے سفارتخانے کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ مشترکہ تجارتی کمیشن کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں ممالک کے تاجروں اور کاروباری برادری کو بھی فائدہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :