پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آگئی ہے‘ خواجہ سلمان رفیق

پیر 17 نومبر 2014 17:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 17نومبر 2014ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آگئی ہے اور لاہور میں گزشتہ 48گھنٹوں کے دوران ڈینگی کا کوئی کنفرم مریض رپورٹ نہیں ہوا جبکہ راولپنڈی میں بھی ڈینگی لاروا اور کیس رپورٹنگ میں واضح کمی آگئی ہے، ڈینگی کنٹرول کو برقرار رکھنے کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی موجودہ سرگرمیاں جاری رکھیں۔

انہوں نے یہ بات سوموار کے روز یہاں کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، کمشنر لاہور ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ڈینگی کنٹرول)، ڈین آئی پی ایچ، ای ڈی او ہیلتھ لاہور، شیخوپورہ کے علاوہ تمام ٹاؤنز کے انچارج محکموں کے سینئر افسران ، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ راولپنڈی، محکمہ موسمیات ، کنٹونمنٹ بورڈ اور پی آئی ٹی بی کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ (ڈینگی کنٹرول)ڈاکٹر اسلام ظفر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں ڈینگی کے مرض میں نمایاں کمی واقع ہوچکی ہے اور رواں سال اب تک ڈینگی کے کنفرم 1325مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 2629تھی- انہوں نے بتایا کہ لاہور میں گزشتہ 48گھنٹوں کے دوران ڈینگی کا کوئی نیا مریض رپورٹ نہیں ہوا جبکہ راولپنڈی میں بھی ڈینگی کے مرض میں کمی کا رحجان ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں صرف 10کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ لاہور ، راولپنڈی اور شیخوپورہ میں آؤٹ ڈور میں ڈینگی لاروا بہت کم رپورٹ ہورہا ہے جبکہ انڈور (گھروں کے اندر)میں لاروا مل رہا ہے- اجلاس کو بتایا گیا کہ موسم میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ ڈینگی لاروا کی افزائش کم ہوگئی ہے اور درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے بھی صورتحال میں بہتری آرہی ہے- ای ڈی او ہیلتھ لاہور ، شیخوپورہ اور ڈی او ایچ راولپنڈی نے انڈور اورآؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کی صورتحال بارے رپورٹ پیش کی- ڈاکٹر اسلام ظفر نے بتایا کہ اب تک راولپنڈی میں ڈینگی کے 1107 ، لاہور میں 96اور شیخوپورہ میں 57کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ لاہور اور راولپنڈی کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 46مریض زیرعلاج ہیں جن کو علاج معالجہ کی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں- انہوں نے بتایا کہ جہاں سے ڈینگی لاروا اور مچھر رپورٹ ہوتے ہیں ان گھروں میں ٹارگٹ فوگنگ کا عمل بھی جاری ہے-چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم نے کہا کہ رات کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی سے ڈینگی مچھر کی افزائش میں کمی واقع ہوچکی ہے اور مچھر گھروں کے اندر منتقل ہوگیا ہے لہذا انڈور سرویلنس پر توجہ دی جائے اور ڈینگی کے تمام ہاٹ سپاٹس کو ختم کردیا جائے تاکہ آئندہ سیزن میں ابتداء سے ہی ڈینگی مچھر کی افزائش کنٹرول میں رہے۔

متعلقہ عنوان :