لیپ ٹاپ سکیم سے صوبہ میں ایک لاکھ طلباو طالبات مستفید ہوں گے ،

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت پنجاب یونیورسٹی میں ایم فل/ پی ایچ ڈی طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم، پنجاب میں گزشتہ چھ سال کے دوران ایک لاکھ 40 ہزار ٹیچرز شفاف طریقے سے میرٹ پر بھرتی کئے تقریب میں صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے وزیراعظم کی طرف سے لیپ ٹاپ تقسیم کئے

پیر 24 نومبر 2014 23:05

لیپ ٹاپ سکیم سے صوبہ میں ایک لاکھ طلباو طالبات مستفید ہوں گے ،

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء ) وزیر خزانہ ،قانون،ایکسائز و ٹیکسیشن مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پنجاب یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام کے طلباء وطالبات میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرتے ہوئے کہاہے کہ طلبہ کو حصول تعلیم کے لئے جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور پنجاب حکومت کا میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا پروگرام بھی جاری رہے گا، حکومت معاشرے کے تمام طبقات خصوصا کم وسیلہ لوگو ں کے لئے تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کوترجیح دے رہی ہے اور انڈوومنٹ فنڈ ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے وظائف اور دیگر وظائف و سہولتیں فراہم کرکے کم وسائل رکھنے والے طلباء و طالبات کو تعلیم کی معیاری و جدید سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ مسحق طلباء کو قومی دھارے میں شامل کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت پی ایچ ڈی / ایم فل طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران، کوآرڈینیٹر وزیراعظم یوتھ پروگرام عنیزہ فاطمہ ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر سرکاری حکام کے علاوہ طلباء و طالبات موجودتھے- مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ ہائرایجوکیشن کے ترقیاتی بجٹ کے 14.5 ارب روپے،نئے کالجز کے قیام کے لئے 3.42 ارب روپے،کالجز میں ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے 1 ارب36 کروڑ روپے کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے سکول ایجوکیشن کو بہتر بنانے کے لئے گزشتہ چھ سال کے دوران ایک لاکھ 40 ہزار ٹیچرز شفاف طریقے سے میرٹ پر بھرتی کئے۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ چھ سال کے دوران شعبہ تعلیم کیلئے بجٹ بتدریج بڑھایاہے اور تعلیم کے لئے مختص بجٹ 274ارب روپے کل اخراجات کا 26.25فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3.50 ارب روپے طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہونہار طلبہ کو سولر لیمپ فراہم کرنے کا پروگرام بھی جاری رکھے گی جو دور دراز کے سکولوں میں ڈراپ آؤٹ ریٹ کو کم کرنے میں مدد دے گا ، حکومت نے گزشتہ دور کے دوران اجالا پروگرام کے ذریعے 2.5 ارب روپے سے دو لاکھ طلبہ میں سولر لیمپ تقسیم کئے- انہو ں نے کہاکہ 2016 تک صوبے کے تمام بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے گا۔