غیر نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں طلبا کی صلاحیتوں کے اظہار کا موثر ذریعہ ہوتی ہیں،پروفیسر ڈاکٹرظفر اقبال

ہفتہ 29 نومبر 2014 17:41

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء)غیر نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں طلبا کی صلاحیتوں کے اظہار کا موثر ذریعہ ہوتی ہیں۔ان میں حصہ لینے والے طلبا عملی زندگی میں بھی کامیاب رہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے عبدالحق کیمپس میں تدریسی وغیر تدریسی ملازمین اور طلبا کو حسن کارکردگی ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ ایوارڈز انہیں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی اور ہفتہ طلبا کے کامیاب انعقاد پر دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ سوشل سائنسز کے مضامین کی دنیا بھر میں بہت اہمیت ہے۔ اساتذہ و طلبا اگران مضامین میں اعلی تعلیم وتحقیق حاصل کریں تو انہیں نہ صرف ملازمتوں کی فراہمی میں آسانی ہوگی بلکہ معاشرے کی ترقی واصلاح میں بھی اس سے مدد حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹرظفر اقبال نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن جامعہ اردو کو 15ہزار سے زائد طلبا کے لئے سالانہ 70کروڑ روپے بجٹ فراہم کرتی ہے جو کہ اخراجات کے لئے نہایت ناکافی ہے کیونکہ اسکے اخراجات1ارب 20کروڑ روپے سالانہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ میں زیادہ سے زیادہ داخلوں کے لئے دو سال سے نئے شعبے متعارف کرائے جارہے ہیں جن میں اسپورٹس سائنس،تعلیم اساتذہ اور ہومیوپیتھک بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالحق کیمپس میں20منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی جسکا پی سی ون تیار کیا جارہا ہے اسکے علاوہ عبدالحق کیمپس کے تمام مسائل جلدازجلد حل کئے جائیں گے۔جامعہ کی انتظامیہ اسکی ترقی کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

پروگرام سے رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ناہید ابرار، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین، رئیس کلیہ مطالعہ مذاہب پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید، صدر شعبہ تعلیم ڈاکٹر اشرف خرم،صدر شعبہ بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر وسیم الدین نے بھی خطاب کیا جبکہ پروٹوکول ڈائریکٹر بشیر بگھیو،ڈاکٹر شاہد اقبال، جاوید ناز و،دیگر اساتذہ و طلبا نے شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین نے کہا کہ اسطرح کے پروگراموں کے انتطامات کے لئے انتظامیہ مکمل تعاون اور حوصلہ افزائی کرتی ہے اور اس مقصد کے لئے فنڈز بھی مختص کئے گئے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر ناہید ابرار نے کہا کہ ہم نصابی و غیر نصابی مقابلوں میں حصہ لینے سے طلبا کے شعور میں اضافہ ہوتا ہے جو ان کی قوت فیصلہ اورانتظامی صلاحیتں بہتر بنانے کا باعث بنتا ہے۔جامعہ اردو کے باصلاحیت طلبا کو صوبائی اورملکی سطح پر مقابلوں میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔ڈاکٹر اشرف خرم نے کہا کہ جامعہ اردو کے طلباصلاحیتوں میں کسی بھی جامعہ سے کم نہیں۔ یہاں سے فارغ التحصیل طلبا نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی مختلف اداروں میں فرائض سرانجا م دے رہے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر انتطامی امور میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے باصلاحیت اساتذہ و طلبا کو حسن کارکردگی ایوارڈز دیئے گئے۔