اسلام آباد‘ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے رائل ملائشین نیوی کے چیف تن سری عبدالعزیز جعفر کی ملاقات،

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون خصوصاً دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعلقات بڑھانے پر گفتگو کی گئی

جمعہ 5 دسمبر 2014 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے رائل ملائشین نیوی کے چیف ایڈمرل تن سری عبدالعزیز جعفر نے قومی اسمبلی کے چیمبر میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون اور خصوصاً دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی وفاقی وزیر نے ملیشیا نیوی کے چیف کو پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے وسیع تجربہ کی بنیاد پر تکنیکی امدادکی پیشکش کی جس میں انفنٹری کے ہتھیار آرٹلری کے درمیانے درجے کے ایمونیشن‘ مارٹر گولے‘ چھوٹے ہتھیار اور فوجی لباس کی تیاری جیسی چیزیں شامل ہیں۔

ایس ایم ای او کے ملازمین کو پی او ایف میں تربیت اور دونوں اداروں کے آر اینڈ ڈی میں مل کر کام کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اس کے ساتھ ہی ملیشیا کو پی او ایف کے تیار اور نامکمل آلات کی خریداری کی بھی پیشکش کی گئی۔ ملاقات میں دونوں طرف سے دفاعی پیداوار کے امور میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا آخر میں رائل نیوی کے چیف نے رانا تنویر حسین کا پر تپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ملائیشیاکے لاء اینڈ سکیورٹی فورسز کا پی او ایف سے خریداری پر غور کیا جائے گا جبکہ دونوں ممالک میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔