طالبات کی تعلیم ، ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے مقابلوں میں اعلی کارکردگی قابل فخرہے، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاون کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی،

پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور کاتقریب سے خطاب

ہفتہ 6 دسمبر 2014 22:31

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2014ء) پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ طالبات کی تعلیم ، ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے مقابلوں میں اعلی کارکردگی قابل فخرہے ۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاون کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاون میں کھیلوں کے مقابلوں میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طالبات میں میڈل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد ،پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما ڈاکٹر جمال ناصر ، اراکین صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف ، ملک افتخار احمد، زیب النساء اعوان ، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ہمایوں اقبال ، ڈپٹی ڈائریکٹر رانا جاوید اور کالج کی پرنسپل ڈاکٹر عالیہ سہیل خان کے علاوہ دیگر کالجز کے سربراہوں اور فکلٹی ممبران کے علاوہ پوسٹ گریجویٹ کالج کی اسسٹنٹ پروفیسر صفورا جبیں اور خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

راجہ اشفاق سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی ، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹاون کی اعلی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کالج نے ہر شعبہ میں اعلی معیار قائم کرکے ایک مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے خواتین کی تعلیم اور تربیت سمیت انہیں کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاون کے تدریسی بلاک کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے 15 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں اور تعلیمی ترقی کے دیگر منصوبوں کے لئے بھی خطیر رقوم کے فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کھیلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے اور راولپنڈی ڈویژن کے ساتھ ساتھ صوبے میں نمایاں مقام حاصل کرنے پر کالج کی پرنسپل ، فکلٹی ممبران ، سپورٹس پرسن اور طالبات کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کالج میں دیگر سرگرمیوں میں بھی بہترین نتائج حاصل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طالبات مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے خود کو تیار کریں اور تعلیم اور تحقیق میں بھرپور دلچسپی لے کر اپنے ملک اور قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے سپورٹس میں طالبات کی دلچسپی اور اعلی کارکردگی کو بھی سراہا۔

قبل ازیں پرنسپل ڈاکٹر عالیہ سہیل خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کالج کی نصابی ، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کی تفیصلات سے آگاہ کیا اور کہاکہ کالج میں یونیورسٹی کی معیار کے مطابق مختلف شعبوں میں پوسٹ گریجویشن کلاسز جاری ہیں اور فزیکل ایجوکیشن میں بھی ایم ایس سی کلاسز کااجراء کر دیا گیا ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے کامیا ب کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے۔

متعلقہ عنوان :