مسجد اقصیٰ میں دھماکے کا منصوبہ، امریکی کیخلاف فرد جرم ،

امریکی بحریہ کے سابق اہلکار ملزم سے بارود برآمدہوا، اسرائیلی وزارت انصاف

جمعرات 11 دسمبر 2014 19:15

مقبوضہ یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء)اسرائیل میں ایک زیر حراست امریکی مسیحی پر مسجد اقصیٰ کو دھماکے سے اڑانے کا منصوبہ بنانے پر فرد جرم عاید کر دی گئی ہے۔ اس امر کا اعلان اسرائیلی حکام نے کیا ۔اسرائیلی وزارت انصاف نے اس امریکی کی شناخت ایڈم ایوریٹ لیویکس کے طور پر کرائی ہے اور یہ خود کو امریکی بحریہ کا سابق اہلکار ظاہر کرتا ہے۔

تیس سالہ لیویکس کے حوالے سے اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ اس پر امریکا میں ہوتے ہوئے منشیات کے استعمال کے الزامات بھی رہے ہیں۔اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس مسیحی امریکی نے اس سے قبل 2013 میں امریکی صدر اوباما کے اسرائیلی دورے کے موقع پر امریکی صدر کو ہلاک کرنے سے انکار کر دیا تھا۔اسرائیلی حکام کے دعوے کے مطابق اس امریکی بحریہ کے سابق اہلکار کو امریکی صدر کی ہلاکت کے لیے ایک فلسطینی نے کہا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم اب اس شخص کے خلاف مقبوضہ بیت المقدس میں مسلمانوں کے مقامات مقدسہ کو دھماکے سے اڑانے کے ایک منصوبے کے حوالے سے فرد جرم عاید کر دی ہے۔ اس پر یہ بھی الزام ہے کہ اس نے ویزا ختم ہونے کے بعد ایک سال سے زائد عرصے کے لیے اسرائیل میں غیر قانونی قیام کیا ہے۔واضح رہے اسرائیلی پولیس نے اسے جب پچھلے ماہ ایک عمارت کی ساتویں منزل پر موجود اپارٹمنٹ سے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے بھاگنے کی کوشش کی اور یہ کثیر المنزلہ عمارت کے عقب میں خالی جگہ کے راستے نیچے اتر گیا تھا۔

لیویکس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ 2013 کے آغاز میں اسرائیل آیا تھا اور اس نے مغربی کنارے میں قیام کرنے کا فیصلہ کیا۔اسرائیلی پولیس کے ترجمان مائیکی روزنفیلڈ کے مطابق اسی دوران جب مارچ 2013 میں اوباما اسرائیلی دورے پر آئے تو ایک غیر مسلح فلسطینی نے اسے اوباما کو سنائپر سے نشانہ بنانے کے لیے کہا ۔ لیکن بعد ازاں امریکی ادارے ایف بی آئی نے اس معاملے میں اس کے ملوث نہ ہونے کا کہہ دیا۔