اُمت مسلمہ قرآن کریم اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات سے روگردانی کی وجہ سے مسائل و مصائب کا شکار ہے،مفتی محمد خالد

ہفتہ 13 دسمبر 2014 17:42

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء) جامعة النور للبنات فرنٹیئرکالونی کے مدیر اعلیٰ، جمعیت علماء اسلام کے امیر اور انجمن فلاح وبہبود چغرزئی کے صدر مفتی محمد خالد نے کہا ہے کہ اُمت مسلمہ قرآن کریم اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات سے روگردانی کی وجہ سے مسائل و مصائب کا شکار ہے ۔ اسلامی تہذیب وثقافت ہی مسلم اُمہ کی پہچان ہے آج مغربی تہذیب و کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے اور قوم پر اسے مسلط کرنے کوشش کی جا رہی ہے جو قہر خداوندی کو دعوت دینے کے مترادف ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعة النور للبنات فرنٹیئر کالونی میں ” اسلامی تہذیب و ثقافت کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا کانفرنس سے مولانا عبد اللہ ، مولاناخائستہ محمد اور مولانا مشتاق الرحمن فاروقی نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

مفتی محمد خالد نے کہا کہ فحاشی و عریانی کے سیلاب نے قوم کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور منظم سازش کے تحت قوم کو اسلامی تہذیب سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ملک و قوم کے اسلامی تشخص کو عالمی ایماء پر ختم کیا جار ہا ہے لیکن مدارس اور بالخصوص جمعیت علماء اسلام اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریگی اور کسی بھی صورت اسلامی تشخص کو مٹنے نہیں دیگی انہوں نے کہا کہ قرآن کریم اور جناب نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہی امت مسلمہ کی کامیابی کا راز مضمر ہے جب تک اسلامی تعلیمات کو اپنایا نہیں جاتا اس وقت تک کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی تہذیب و ثقافت کو فرو غ دیا جائے اور مغربی تہذیب سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔