کاشتکار آلو کی اگیتی کاشتہ خزاں فصل کی برداشت شروع کردیں، پوٹیٹو ریسرچ انسٹیٹیوٹ

پیر 22 دسمبر 2014 14:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) پوٹیٹوریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نے آلو کی اگیتی کاشتہ خزاں فصل کی برداشت شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آلوپاکستان کی ایک اہم فصل ہے اس میں نشاستہ، وٹامن، معدنی نمکیات اور لحمیات کافی مقدار میں پائے جانے کے باعث اسے مکمل غذا کہا جاتا ہے ،ماہرین نے کہا کہ آلو نکالنے سے 15 دن پہلے فصل کی آبپاشی بند کر دیناضروری ہے نیز کاشتکار آلو کی فصل کی برداشت سے ہفتہ دس دن پہلے آلو کی بیلیں کاٹ دیں تاکہ وائرس پھیلانے والے کیڑوں سے بچ سکیں اور چھلکا سخت ہو جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آلو کی بیلیں کاٹنے سے آلو کی جلد سخت ہو جاتی ہے اور وہ کولڈ سٹور میں ذخیرہ کے دوران نہیں گلتا۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصل کی برداشت صبح کے وقت کریں جب درجہ حرارت مقابلتاً کم ہو کیونکہ زیادہ درجہ حرارت میں آلوؤں کے گلنے سڑنے کاامکان زیادہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ موسم خزاں کی فصل کی برداشت کے بعد زمیندار عموماً آلوؤں کو ڈھیر کی صورت جمع کر لیتے ہیں لیکن ڈھیر میں ہوا کا گزر نہ ہونے کی وجہ سے آلو نہ صرف گلتے ہیں بلکہ درجہ حرارت زیادہ ہونے کی بناء پر خشک ہو کر بدشکل بھی ہو جاتے ہیں اس طرح مارکیٹ میں اس کی کم قیمت وصول ہوتی ہے۔