کاشتکار ادرک کی فصل کی کاشت بروقت مکمل ، تاخیر سے گریز کریں، محکمہ زراعت فیصل آباد

پیر 22 دسمبر 2014 14:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) ماہرین زراعت پنجاب فیصل آباد نے ادرک کے کاشتکاروں کو فصل کی برداشت بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دسمبر کے آخری ایام میں جب ادرک کے پتے سوکھ جائیں اور ٹہنیاں نیچے گر پڑیں تو سمجھ لینا چاہئے کہ فصل برداشت کیلئے تیار ہے اور اس کی برداشت میں تاخیرسے گریز کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ فصل کی برداشت کسی یا کھرپے کی مدد سے احتیاط سے کرنی چاہیے تاکہ گٹھلیاں زخمی نہ ہوں کیونکہ زخمی گٹھلیاں سٹوریج کے دوران بہت جلد خراب ہو جاتی ہیں جس سے منڈیوں میں اس کی اچھی قیمت نہیں ملتی اور کاشتکاروں و سبزی فروشوں کو بھاری مالی نقصان کاسامنا کرناپڑتاہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اگلی فصل لگانے کیلئے بیج تیار کرنا ہو تو فصل کی برداشت فروری میں بھی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ بارش وغیرہ کی صورت میں پانی زیادہ دیر کھیت میں کھڑا نہ رہے کیونکہ کھیت میں پانی کھڑاہونے سے ادرک کی گٹھلیاں زمین کے اندر ہی گل سڑ جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دوسری صورت میں دسمبر کے آخر میں فصل کی برداشت شروع کر کے آئندہ فصل کیلئے صاف ستھری گٹھلیوں کو بھی ذخیرہ کیاجاسکتاہے۔