کراچی میں جمہوریہ سوڈان قونصلیٹ کا قیام ،علیم عادل شیخ سوڈان کے اعزازی قونصل جنرل مقرر

پیر 22 دسمبر 2014 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) کراچی میں افریقی اسلامی ملک جمہوریہ سوڈان کے قونصلیٹ کا آغا ز کر دیا گیا ،گزشتہ روز ٹیپو سلطان روڈ پر سوڈانی قونصلیٹ کے افتتاح اور پرچم کشائی کے بعد مقامی ہوٹل میں شہر کے سیاسی و سماجی رہنماؤں،مختلف ممالک کے قونصل جنرل کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں تعینات سوڈانی سفیر الشفیع احمد محمد ،رشیا،ایران ،انڈونیشیاء،مراکش ،چین ،روس کے قونصل جنرلز،اعزازی قونصل جنرل علیم عادل شیخ ،مرزا اختیار بیگ ،سندھ اسمبلی میں اپو زیشن لیڈر شہر یار مہر ،مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ ،عبدالخالق قریشی،مرزااشتیاق بیگ ، سابق ایمبیسڈر جی آر بلوچ ،فاروق اعوان ، عظیم قریشی ،مختار عاقل ،سمیت سوڈانی طلباء نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوڈانی سفیرکا کہنا تھا کہ تقریب میں معزز شرکاء اور دیگر ممالک کے سفیروں کی آمد سے ہماری حوصلہ افزائی ہوئی ہے، سوڈان اور پاکستان کے تعلقات بہت پرانے ہیں ان کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کراچی میں کھو لا گیا قونصل خانہ مدد گار ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ علیم عادل شیخ کو اعزازی قونصل جنرل شپ دی گئی ہے کیونکہ یہ جس خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ان کی پاکستان کے لئے خدمات بہت زیادہ ہیں،سوڈان اور پاکستان کی تجارت 283ملین ڈالر تک محدود ہے اس عمل سے ہمیں امید ہے کہ اس شعبے میں مزید اضافہ ہوگا،دونوں ممالک کے تعلقات برادرانہ ہیں لہذا دونوں ممالک کے بزنس مین صنعتی اور تجارتی تعاون کے نتیجے میں ایک دوسرے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سوڈان کا رشتہ دین کی بنیاد پر ہے علامہ اقبال اور مولانا مودودی جیسے مفکرین یہاں گزرے ہیں،پاکستان میں ہزاروں سوڈانی طالب علم تعلیم حاصل کرنے کے لئے آرہے ہیں ہمیں اپنے برادر اسلامی ملک پر بھرپور اعتماد ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ کے مرکزی رہنما علیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمارے لئے اعزاز ہے کہ سوڈان کے تعلقات میں ہماری خدمات لی گئی ہیں،انہوں نے علامہ اقبال کے ایک شعر"ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے ۔نیل کے ساحل سے لیکر تابخاک کاشغر ۔"پڑھ کر سنایا اور اس عز م کا اظہار کیا کہ ہم اس شر کی تعبیر میں اپنا کردار بھرپور انداز میں کرینگے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے لوگوں کو سوڈان کی سرزمین سے فوائد حاصل کرنے چاہیے اور وہ اس سلسلے میں اپنی خدمات کو بھرپور انداز میں سرانجام دینگے ۔ پاک سوڈان تعلقات معاشی ترقی اور دیگر سیکٹر میں ترقی لانے کا سبب بنے گے ۔انہوں نے کہا کہ یورپین اور انڈین نے افریقی ممالک کو اپنے ملک کی ترقی کے لئے منتخب کیا ہوا ہے ۔اور اب پاکستان کے لئے بر اعظم افریقہ میں معاشی گیٹ وے کا درجہ رکھتاہے آنے والے دنوں میں سوڈان اور پاکستان کا رشتہ مثالی ثابت ہوگا۔

مرزا اختیار بیگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم ممالک کو خصوصی طور پر تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ دینی ہوگی۔کراچی پاکستان کی معیشت کاستر فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے ،یہاں 80سے زائد ممالک کے اعزازی قونصل جنرل ہیں،پاک سوڈان تعلقات معاشی ترقی میں اہم ثابت ہونگے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اعزازای قونصل جنرل علیم عادل شیخ بھی مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔قبل ازیں سوڈانی عوام کی جانب سے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں پر افسوس کا اظہاربھی کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :