تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات، آج بھی کوئی پیشرفت نہ ہو سکی

منگل 30 دسمبر 2014 22:27

تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات، آج بھی کوئی پیشرفت نہ ہو سکی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30دسمبر۔2014ء) گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں آج بھی کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی اور تاحال تین متنازع نکات پر اخلتاف موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اور حکومت کی مذاکراتی ٹیموں میں بات چیت کا عمل جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں حکومت کی طرف سے اسحق ڈار اور احسن اقبال جبکہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ اجلاس میں تین نکات پر اختلافات سامنے آ ئے تھے جن پر آج تحریک انصاف نے حتمی موقف پیش کر دیا ہے جس پر اب حکومت کی طرف سے سفارزات پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات میں ضرور پیشرفت ہو گی۔احسن اقبال نے کہا کہ دونوں اطراف سے لچک کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور جلد ہی بات کسی نتیجے تک پہنچ جائے گی، آج صبح وزیر اعظم مصروف تھے ورنہ آج ہی حکومتی سفارشات بھی پیش کر دیتے اور معاملہ حل ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مذاکرات میں نہ صرف حکومت بلکہ دوسری سیاسی جماعتوں کا موقف بھی مدنظر رکھنا ہے اس لئے زیادہ وقت لگ رہا ہے۔