پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز، پولیس کا گیمبلنگ میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن

مختلف کاروائیوں میں 1863ملزمان گرفتار، 54 لاکھ 39 ہزار سے زائد رقم ریکور کرلی، آن لائن جوئے کی ترغیب دینے والے سوشل میڈیا اکاونٹس پر کڑی نظر رکھی جائے۔ سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 اپریل 2024 19:38

پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز، پولیس کا گیمبلنگ میں ملوث عناصر کیخلاف ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 اپریل 2024ء) لاہور پولیس پاکستان نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے پیش نظر روایتی و آن لائن گیمبلنگ میں ملوث قانون شکن عناصر کے خلاف مسلسل سرگرم عمل ہے۔ سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ آن لائن جوئے کی ترغیب دینے والے سوشل میڈیا اکاونٹس پر کڑی نظر رکھی جائے، رواں سال قمار بازوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 423 مقدمات کا اندراج کر کے 1863ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ گرفتار ملزمان سے 54 لاکھ 39 ہزار 3 سو سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے۔

یہ بات کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ کینٹ ڈویژن میں 367 ملزمان گرفتار، سول لائنزمیں 218، سٹی میں 657، اقبال ٹاؤن میں 283، ماڈل ٹاؤن میں 169 اور صدر ڈویژن میں 169 ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو روایتی قمار بازی اور آن لائن جوئے کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے جوئے کے اڈوں پر انٹیلی جنس بیسڈ ریڈ کرنے اور آن لائن جوئے کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے آن لائن جوئے کی روک تھام کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھر پور مددلینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگو ں کو آن لائن جوئے کی ترغیب دینے والے سوشل میڈیا اکاونٹس اور اپلیکیشنزپر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے آن لائن جوئے میں ملوث سماج دشمن عناصرکو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جواء ایک سماجی لعنت ہے، والدین اپنے بچوں کو اس سے دور رکھیں اور شہری قماری بازی و دیگر جرائم سے پاک معاشرے کے قیام میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔