کاشتکار ٹنل میں کاشتہ سبزیوں کیلئے درجہ حرارت 15تا 30ڈگری سینٹی گریڈ برقرار رکھیں‘محکمہ زراعت پنجاب

جمعرات 8 جنوری 2015 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء ) کاشتکار ٹنل میں کاشتہ سبزیوں کے لئے درجہ حرارت 15تا 30ڈگری سینٹی گریڈ برقرار رکھیں۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کھیرا، گھیا کدو، چپن کدو، حلوہ کدو، گھیا توری، بینگن، خربوزہ اور تربوز کے لئے ٹنل کا درجہ حرارت 24-18ڈگری سینٹی گریڈ ہونا چاہئے جبکہ شملہ مرچ اور سبز مرچ کے لئے درجہ حرارت 24-21جبکہ ٹماٹر اور کریلہ کی فصل کے لئے 29-21ڈگری سینٹی گریڈ موزوں ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دن کے وقت ٹنل کے دروازے کچھ وقت کے لئے کھول دیے جائیں تاکہ ٹنل میں نمی اور درجہ حرارت مناسب رہے اور بیماریوں کا حملہ نہ ہو۔ دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافہ رات کے وقت پودوں کے کام آتا ہے۔ ترجمان کے مطابق جب درجہ حرارت بڑھنا شروع ہو جائے تو ٹنل کے دروازے زیادہ دیر کے لئے کھولیں کیونکہ ٹنل کے اندر نمی کی زیادتی پھپھوندی والی بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اگر ممکن ہو تو ٹنل میں ہوا خارج کرنے والا پنکھا (Exhaust Fan) لگا دیں تاکہ نمی کو کنٹرول کیا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق بیلوں والی سبزیوں میں نر اور مادہ پھول الگ الگ ہوتے ہیں اس لئے ان میں اختلاط نسل خودبخود نہیں ہوتا لہٰذا یہ کام ہاتھ سے کرنا چاہئے۔ یہ عمل ٹنل کے پلاسٹک اتارنے تک جاری رکھیں۔ پلاسٹک اتارنے کے بعد یہ کام مکھیاں سرانجام دیتی ہیں۔ تاہم اگر پارتھینو کارپک (Parthenocarpic)اقسام کاشت کی گئی ہیں تو مصنوعی زرپاشی کی ضرورت نہیں رہتی۔

متعلقہ عنوان :