مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ ٹیکسٹائل واسپنگ ملز اور کپاس کے نجی برآمد کنندگان کی جانب سے روئی کی خریداری محدود،

کپاس کے کاشتکاروں کی جانب سے پھٹی کی رسد میں کمی، روئی کا کاروباری حجم بھی کم رہا ، مجموعی طور پربھاؤ میں مندی کا رجحان

ہفتہ 17 جنوری 2015 19:28

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹیکسٹائل واسپنگ ملز اور کپاس کے نجی برآمد کنندگان کی جانب سے روئی کی خریداری محدود رہی جبکہ کپاس کے کاشتکاروں کی جانب سے پھٹی کی رسد میں کمی کے باعث روئی کا کاروباری حجم بھی کم رہا اور مجموعی طور پربھاؤ میں مندی کا رجحان رہا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 50روپے کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 4950روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔

صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من 4000تا 5050روپے پھٹی کا بھاؤ فی 40کلو 1800تا 2300روپے، صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 4700تا 5050روپے جبکہ پھٹی کا بھاؤ 1800تا 2600روپے رہا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی منڈیوں میں کپاس کے بھاؤ میں کمی کے زیراثر مقامی کپاس اور کاٹن یارن کے بھاؤ میں بھی مندی کا رجحان رہا۔

(جاری ہے)

نسیم عثمان کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی ہیم ٹیکسٹائل نمائش میں پاکستان کے برآمد کنندگان کو حوصلہ افزا آرڈر ملنے کے امکانات کے باوجود مقامی کاٹن مارکیٹ میں تیزی نہیں دیکھی جا رہی جس کی وجہ بین الاقوامی کپاس کی منڈیوں خصوصی طور پر بھارت اور نیویارک میں مندی کا رجحان اور چین کی جانب سے درآمد میں عدم دلچسپی بتائی جاتی ہے۔ اسپننگ مالکان کے مطابق برآمد کئے ہوئے کاٹن یارن کی لیٹر آف کریڈٹ میں بھی تاخیر ہورہی ہے جو تشویش کا باعث ہے اس صورتحال کے پیش نظر آئندہ دنوں میں بھی مندی کا رجحان برقرار رہ سکتا ہے۔