میک اے وش کی معذور لڑکی ایک دن کے لئے ٹیچر مقرر

بدھ 21 جنوری 2015 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) میک اے وش فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام گزشتہ روز معذور بچوں کے ادارے دارالسکون کی 16 سالہ معذور لڑکی کوکی لوئیس کی ٹیچر بننے کی منفرد خواہش کی تکمیل کی گئی۔ اس سلسلے میں وزارت تعلیم کے دفتر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے کوکی لوئیس کو ایک دن کے لئے ٹیچر کا تقرر نامہ پیش کیا جس کے بعد وہ میک اے وش فاؤنڈیشن پاکستان کے بانی صدر اشتیاق بیگ، ڈائریکٹر ایجوکیشن عبدالوہاب عباسی، دارالسکون کی نگراں سسٹر رتھ اور میک اے وش فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کے ہمراہ کلفٹن میں واقع گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول پہنچی جہاں اساتذہ اور طلباء نے شاندار استقبال کیا۔

اس موقع پر کوکی لوئیس نے اسکول کی ٹیچرز اور طالبات کے ہمراہ اسمبلی میں شرکت کی جس کے بعد سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے چالیسویں پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شہید بچوں پر بنایا گیا خصوصی نغمہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں کوکی لوئیس نے چھٹی جماعت کی طالبات کو انگریزی مضمون پڑھایا اور طالبات میں گھل مل گئی۔ اپنی خواہش کی تکمیل پر کوکی لوئیس انتہائی پرمسرت دکھائی دے رہی تھی۔ اس موقع پر اسکول کی ہیڈ مسٹریس نجمہ منگی نے کوکی لوئیس کو تعریفی اسناد اور ایک دن کی تنخواہ پیش کی۔