فیصل آباد،ایشین سٹڈی گروپ کے وفد کا مسز شیریں مسعود کی قیادت میں زرعی یونیورسٹی کا دورہ،

وفد کو یونیورسٹی کی تعلیمی‘ تحقیقی اور ملک کی عمومی زرعی و معاشی صورتحال پر بریفنگ

ہفتہ 7 فروری 2015 21:54

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروری 2015ء) ایشین سٹڈی گروپ کے وفد نے مسز شیریں مسعود کی قیادت میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا۔مہمان وفد کو یونیورسٹی کی تعلیمی‘ تحقیقی اور ملک کی عمومی زرعی و معاشی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہاکہ جامعہ زرعیہ ملک بھر سے دیہی سطح کے باصلاحیت نوجوانوں کو میٹرک کے بعد یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرکے ان کا ہاتھ تھامے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیہی سطح پر سرکاری سکولوں سے میٹرک کرنیوالے ہزاروں غریب نوجوان صرف وجہ سے یونیورسٹیوں تک نہیں پہنچ پاتے کہ سرکاری کالجز میں تعلیم کا وہ معیار نہیں جوبڑے شہروں میں پرائیویٹ کالجز و ٹیوشن سنٹرز فراہم کر رہے ہیں نتیجتاً غریب گھرانے کا باصلاحیت نوجوان انٹرمیڈیٹ میں نمایاں نمبروں سے کامیاب نہ ہونے کی وجہ ترقی میں دوڑ میں بہت پیچھے رہ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برصغیر کے انگریز حکمرانو ں نے خطے میں دیہی ترقی اور زرعی استحکام کیلئے نہروں کا وسیع اور مثالی نیٹ ورک متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ کالونی ٹاؤنز کو آباد کیاجس سے وسیع چٹیل میدان آج سرسبزوشاداب کھیتوں میں تبدیل ہوچکے ہیں اور زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زرعی جامعات کی تعداد 8جبکہ بھارت میں 60سے زائد زرعی جامعات قائم کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہاکہ وفاقی و صوبائی حکومت میں پالیسی ساز اداروں میں زرعی یونیورسٹی کی تجاویز کوخاطرخواہ اہمیت دی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ اب گرین روڈزکی تعمیر اور صوبے میں ماڈل کیٹل مارکیٹ کے آئیڈیاپر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں نوجوانوں کو صرف ملازمت کیلئے تیار نہیں کیا جاتا بلکہ یہاں قیام کے دوران انہیں اچھوتے بزنس آئیڈیاز کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کرنے کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ازاں بعد مہمان وفد نے پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف کے ہمراہ یونیورسٹی کے اولڈ کیمپس کادورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :