پختونوں کی پسماندگی اور محرومیوں کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے،ہاشم بابر

منگل 10 فروری 2015 16:40

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروی 2015ء)قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر نے کہا ہے کہ پختونوں کی پسماندگی اور محرومیوں کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ وہ مزید فعال انداز میں قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گاؤں مھترہ میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے طلباء تنظیموں کے عہدیداروں کی قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر طلبا تنظیموں کے عہدیداروں محمد صادق،امجد خان،فہیم خان،نگار حسین،سہیل اعوان،ہارون خان اور اسفندیار خان نے اپنے درجنوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ہاشم بابر نے کہا کہ پختونوں کو مختلف ادوار میں مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے وہ انتہائی پسماندگی کی طرف چلے گئے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ صوبہ میں موجود پی ٹی آئی کی حکومت نہ ہی پختونوں کے مسائل کو سمجھتی ہے اور نہ ہی اس کا ادراک رکھتی ہے جبکہ ان کو ریلیف دینے کیلئے ان کے پاس کوئی پروگرام نہیں اور محض زبانی جمع خرچ کے ذریعے انھیں ٹرخا رہی ہے۔

انھوں نے صوبہ میں جاری امن و امان کی بدترین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اور وہ اس سے اپنے آپ کو کسی صورت برالذمہ قرار نہیں دے سکتی۔ انھوں نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبے اور پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے اور ان کے مسائل و مشکلات کے خاتمے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت خطے میں امن کے قیام کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی اور پختونوں کو اس کھٹن صورتحال میں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑے گی۔تقریب سے قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری حاجی سیف اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔