آئندہ دھرنا لاہور میں متوقع، ما رچ میں فائنل میچ ہو سکتا ہے،کارکن تیار رہیں‘ عبدالعلیم خان ،

عمران خان نے ہمیشہ دلیرانہ اور دوٹوک موقف اختیا ر کیا ،چوہدری سرور کی شمولیت خوش آئند ہے ‘ صدر پی ٹی آئی لاہور

منگل 10 فروری 2015 19:49

آئندہ دھرنا لاہور میں متوقع، ما رچ میں فائنل میچ ہو سکتا ہے،کارکن تیار ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت این اے 122کے رزلٹ کے فوری بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی موجودہ حکمران باتوں سے ماننے والے نہیں میڈیا پر آکر معصوم بننے والے وزراء تاخیری حربوں کے علاوہ کچھ نہیں کرتے ،مارچ میں موجودہ حکمرانوں کے جانے کیلئے فا ئنل میچ ہو سکتا ہے پارٹی کارکن تیار رہیں آئندہ دھرنے اور احتجاج کیلئے لاہور شہر کا انتخاب بھی متوقع ہے اور انشاء اللہ زندہ دلان لاہور اپنے قومی ہیرو عمران خان کو ماضی سے بھی زیادہ پذیرائی دینگے ۔

عبدالعلیم خان نے شالا مار ٹاؤن کے صدر میاں یامین ٹیپو کی قیادت میں پارٹی عہدیداروں سے خطاب کر رہے تھے میاں حامد معراج اور شعیب صدیقی نے خصوصی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ چوہدری محمد سرور کی شخصیت بے شمار خوبیوں کا مجموعہ ہے ان کی تحریک انصاف میں شمولیت پارٹی اور قومی مستقبل کیلئے خوش آئیند ہوگی موجودہ حالات میں ہر قابل اور درد دل رکھنے والا پی ٹی آئی کا ساتھ دے رہا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر قومی مسئلے پر دو ٹوک اور دلیرانہ موقف اختیار کیا ہے سانحہ بلدیہ میں جاں بحق ہونے والے معصوم شہری اس ملک و قوم کے باسی تھے ان کا درد محسوس کرکے اور ان کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف آواز بلند کرکے عمران خان نے قومی فریضہ سر انجام دیا ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت اور حکومتی اداروں کی کمزوری سے مسائل جنم لے رہے ہیں ،پارٹی امور پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے دھرنے اور احتجاج میں شالیمار ٹاؤن کے کارکنوں کی نمایاں شمولیت کو سراہا اور ان کیلئے پارٹی کی طرف سے تعریفی اسناد اور شیلڈوں کا اعلان کیا ،اس موقع پر میاں حامد معراج اور یامین ٹیپو نے خطاب کرتے ہوئے شالیمار ٹاؤن کے کارکنوں بالخصوص عمران ٹائیگر فورس کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور عبدالعلیم خان کو علاقے کے دورے کی دعوت دی۔