پانچویں جماعت کے امتحان میں تعطل نے حکمرانوں کے گڈ گورنس کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے ‘ محمد جمیل

بدھ 25 فروری 2015 17:45

لاہور ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015)پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ پیپر نہ ملنے کے باعث پانچویں جماعت کے امتحان میں تعطل محکمہ تعلیم کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتاثبوت ہے جس سے حکمرانوں کے گڈ گورنس کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہا جو حکومت تعلیمی عمل کوجاری رکھنے سے قاصر ہواسے اقتدار سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب فوری طور پر مستعفی ہوجائیں تاکہ عوام کو مخلص اور حقیقی قیادت میسر آسکے، جمہوری ممالک اور مہذب معاشروں میں چھوٹی سی غلطی پر بھی متعلقہ محکمے کا وزیر استعفیٰ دے دیتا ہے مگرپنجاب میں امتحانی پیپر تقسیم نہ ہونے پربھی متعلقہ وزیر پوری ڈھٹائی سے اپنے عہدہ سے چمٹا ہوا ہے،انہوں نے کہا حکمرانوں نے فروغ تعلیم کے نام پرتعلیم کا بیڑا غرق کردیا ہے اور تعلیم عام آدمی کے بچوں کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہے،حکمران ہر چیز کو کمرشل بنانے پر تلے ہوئے ہیں مگر انکا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دینگے،انہوں نے کہا نئی بھرتیوں کیلئے این ٹی ایس کے نام پر طلبا اور طالبات سے کروڑوں روپے وصول کرکے انہیں یا تو فیل کردیا جاتا ہے یا پھر انٹرویو کے نام پر نوکری سے محروم کردیا جاتا ہے،ہر سبجیکٹ میں این ٹی ایس ٹیسٹ غریب عوام سے ظلم ہے جسکے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرینگے۔