محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں پراپرٹی ٹیکس نادھندگان کیخلاف کریک ڈاؤن

ہفتہ 14 مارچ 2015 14:58

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں پراپرٹی ٹیکس نادھندگان کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سرگودھا‘ خوشاب‘ میانوالی اور بھکر میں 100 سے زائد کمرشل و رہائشی اور کاروباری اداروں کو سیل کردیا ہے‘ ان نادھندگان کے ذمے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 10 لاکھ سے زائد کے واجبات واجب الادا تھے یہ بات ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سرگودھا ڈویژن عبداللہ خان نے بتائی انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیئے جانیوالے ٹارگٹ کو پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں جس پر سرگودھا ریجن میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کیلئے چاروں اضلاع کے ای ٹی او صاحبان کی زیر نگرانی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو اپنے اپنے اضلاع میں پراپرٹی ٹیکس نادھندگان سے ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنائینگی گزشتہ روز سرگودھا ایکسائز آفس نے شہر کے مختلف علاقوں کی 71 پراپرٹیوں کو سیل کیا جن سے موقع پر 6 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری‘ اسی طرح خوشاب کی 17 پراپرٹیوں سے 1 لاکھ 2 ہزار‘ میانوالی کی 1 پراپرٹی کے ذمے 30 ہزار جبکہ بھکر کی 8 پراپرٹیوں کے ذمے 62 ہزار روپے کی رقم کی وصولی کی گئی ہے اسی طرح چاروں اضلاع میں باقی ٹیکس نادھندگان کیخلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے تمام اضلاع نے اپنے اپنے علاقوں کے ٹیکس نادھندگان کو جائیداد سیل کرنے کے نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔