پہلا ایک روزہ میچ ، سعد نسیم اور رضوان کو تجربہ کار اسد شفیق پر فوقیت دے دی گئی

جمعہ 17 اپریل 2015 15:20

پہلا ایک روزہ میچ ، سعد نسیم اور رضوان کو تجربہ کار اسد شفیق پر فوقیت ..

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) پاکستان اور بنگلہ دیش کے پہلے ایک روزہ میچ میں سعد نسیم اور محمد رضوان کو ڈیبیو کراتے ہوئے انہیں تجربہ کار اسد شفیق پر فوقیت دی ہے ، دوسری جانب بنگالی کپتان مشرفی مرتضی پر پابندی کے سبب بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر شکیب الحسن نے کی جنہوں نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا سابق کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستانی ٹیم پہلی مرتبہ کسی حریف کے مدمقابل ہو گی۔

پاکستان کو دورے پر ابتدا میں ہی اس وقت دھچکا لگا جب سہیل خان انجری کے سبب ایونٹ سے باہر ہو گئے اور پھر لیگ اسپنر یاسر شاہ پریکٹس میچ میں انجری کے باعث ایک روزہ میچز کی سیریز سے باہر ہو گئے۔اس دوران پریکٹس میچ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ الیون سے شکست نے پاکستان کی تیاریوں کو شدید نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے نئے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ پریکٹس میچ میں شکست کا کوئی دباوٴ نہیں اور ٹیم فتح کے ساتھ نئے دور کا آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

میچ کیلئے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔اظہر علی(کپتان)، سرفراز احمد، محمد حفیظ، محمد رضوان، سعد نسیم، حارث سہیل، فواد عالم، وہاب ریاض، راحت علی، جنید خان اور سعید اجمل۔بنگلہ دیشی ٹیم ان کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اتر ی ہے ۔شکیب الحسن(کپتان)، تمیم اقبال، سومیا سرکار، محموداللہ، مشفیق الرحیم، شبیر رحمان، ناصر حسین، ابو الحسن، عرفات سنی، روبیل حسین اور تسکین احمد۔