ڈپٹی کمشنر بارکھان کی زیرصدارت ماہانہ کرائم میٹنگ ، آفیسران نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا

جمعرات 23 اپریل 2015 22:51

بارکھان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء) ڈپٹی کمشنر بارکھان حاجی محبوب احمدشاہوانی کی زیرصدارت ماہانہ کرائم میٹنگ منعقد ہوئی میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمدایوب مری،اسسٹنٹ کمشنرسہیل انورہاشمی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امین اﷲ شاہ بخاری،میوند رائفل کے صوبیدارمیجر کلیم نے شرکت کی،ڈپٹی کمشنرکو تمام آفیسران نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنرحاجی محبوب احمدشاہوانی نے کہا کہ ضلع بھر میں امن وامان قائم کرنا لیویزفورس۔پولیس اور ایف سی کی ذمہ داری میں شامل ہے۔انہوں نے کہا وہ ابتک متعلقہ فورسز کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بارکھان اور رکھنی بازارمیں ٹریفک جام رہتی ہے ۔اس کا فوری حل تلاش کیا جائے ۔اس کے علاوہ لورالائی تا ڈیرہ غازیخان روڈ پر مزید ناکے لگائے جائیں روڈ گشت میں اضافہ کرکے ٹرانسپورٹروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ سے لورالائی ٹرانسپورٹروں کا آپس میں جھگڑا چل رہا ہے انہوں نے ان ٹرانسپورٹروں سے کہا کہ وہ اپنے ضلع کی حدود میں کسی بھی قسم کی کوئی شرارت برداشت نہیں کریں گے۔اگر کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو اسکے ساتھ سختی کے ساتھ نپٹا جائے گا۔انہوں نے ٹرانسپورٹروں اور مسافروں سے اپیل کی کہ وہ ضلع بارکھان کے حدود میں بلا خوف وخطر اپنا سفر کریں بارکھان انتظامیہ انہیں بحفاظت اپنے علاقے سے گزارے گی۔