کراچی کی عوام نے عمران کی دھرنا سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا ،سینیٹر مشاہد اللہ

جمعہ 24 اپریل 2015 12:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان یوٹرن کا بادشاہ ہے ،ان کو بالکل سیاسی شعور نہیں ہے وہ صرف کرکٹر ہیں،کراچی کی عوام نے عمران کی دھرنا سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے،تحریک انصاف کے جلسوں میں آنے والے لوگ الیکشن کے دوران کہاں چلے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو این اے246 میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے،عمران نے کراچی جاکر شور تو بہت کیا اور ایسے لگ رہا تھا کہ وہ کراچی فتح کرنے جارہے ہیں لیکن ضمنی الیکشن میں کراچی کی عوام نے عمران خان کی دھرنا سیاست کو مسترد کر دیا ہے،عمران کو چاہیے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کو تسلیم کرے اور دھاندلی دھاندلی کا رونا بند کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کراچی میں خوف کے بت توڑنے گئے تھے تو جناح گراؤنڈ سے کیوں بھاگ گئے ۔تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد دیکھ کر عمران خان ڈر کر یوٹرن لے لیا اوربہانہ کیا کہ جلسہ کیلئے یہ جگہ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں نے حکومت کو ناتلافی نقصان پہنچایا ہے جس سے ملک کی معیشت کو شدید دھچکا لگا ہے ،عمران خان اور کینیڈین ملا طاہر القادری قوم سے معافی مانگیں ۔دھرنوں سے حکومت تو نہیں گئی لیکن تحریک انصاف والے نکاح نامہ لے گئے ۔مشاہد اللہ نے کہا کہ عمران خان ہر بات پر یوٹرن لیتے ہیں ان کو سیاست کا بالکل پتہ ہی نہیں ہے وہ صرف ایک اچھے کرکٹرز تو ہوسکتے ہیں لیکن ایک اچھے سیاست دان نہیں بن سکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :