گندم کی کٹائی فصل پوری طرح پکنے پر کریں  محکمہ زراعت پنجاب کی کاشتکاروں کو ہدایت

کاشتکار کٹائی شروع کرنے سے پہلے ریڈیو اور ٹی وی پر نشر ہونے والی موسمی پیش گوئیوں کو مدنظر رکھیں ترجمان

اتوار 3 مئی 2015 14:07

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم کی کٹائی فصل پوری طرح پکنے پر کریں کیونکہ کٹائی، گہائی اور دیگر عوامل میں احتیاط نہ برتنے سے فصل کی پیداوار میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ کاشتکار کٹائی شروع کرنے سے پہلے ریڈیو اور ٹی وی پر نشر ہونے والی موسمی پیش گوئیوں کو مدنظر رکھیں۔

ترجمان کے مطابق دوسرے عوامل کے ساتھ برداشت اور ذخیرہ کے دوران ہونے والے نقصانات کی وجہ سے فصل کی ایک بڑی مقدار ضائع ہو جاتی ہے۔ فصل کی برداشت کے دوران ہونے والی غیر موسمی بارشیں بھی فصل کو خاصا نقصان پہنچاتی ہیں۔ کاشتکار بارش کی صورت میں فصل کی کٹائی کا عمل فوراً روک دیں۔ فصل کی کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹوں کا رخ اوپر کی طرف رکھیں۔

(جاری ہے)

کھلواڑے کا سائز چھوٹا رکھیں اور اونچے کھیتوں میں لگائیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ گندم کوذخیرہ کرنے کے لئے گوداموں کی صفائی اور نمی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ غلہ گوداموں میں رکھتے وقت نمی 10فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔ گودام مکمل طور پر ہوابند ہونے چاہئیں۔ کیڑوں اور چوہوں کے حملہ کی صورت میں محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت سے انسدادی تدابیر اختیار کریں۔

متعلقہ عنوان :